• KHI: Maghrib 5:45pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:28pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:31pm
  • KHI: Maghrib 5:45pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:28pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:31pm

اعتماد ہے الیکشن کمیشن ملک میں صاف، شفاف انتخابات یقینی بنائے گا، آصف زرداری

شائع November 19, 2023
سابق صدر مملکت نے کہا کہ ملک شفاف انتخابات کی طرف جا رہا ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
سابق صدر مملکت نے کہا کہ ملک شفاف انتخابات کی طرف جا رہا ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان 8 فروری 2024 کو ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات کے صاف، شفاف انعقاد کو یقینی بنائے گا۔

اپنے ایک بیان میں سابق صدر مملکت نے کہا کہ ملک شفاف انتخابات کی طرف جا رہا ہے اور پیپلز پارٹی اس کے لیے پوری طرح تیار ہے، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو ہر طرح کے ماحول میں الیکشن لڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ 8 فروری کو پیپلز پارٹی ملک کی اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئے گی، ملک کا ماحول اس وقت انتخابات کے لیے سازگار ہے اور الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ مجھے الیکشن کمیشن آف پاکستان پر پورا اعتماد ہے کہ وہ ملک میں صاف، شفاف الیکشن کروائے گا۔

خیال رہے کہ سابق صدر کی جانب سے یہ بیان برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ان کی ملاقات کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔

اس ملاقات کے دوران آصف علی زرداری نے شاہ چارلس کے جنم دن کے حوالے سے اظہار مسرت کا پیغام دیا تھا اور ڈیوڈ کیمرون کے وزیر خارجہ بننے پر بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔

آصف زرداری نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے برطانیہ سے مصالحتی کردار ادا کرنے پر زور دیا تھا جب کہ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔

سابق صدر اور برطانوی ہائی کمشنر کے درمیان ملاقات کے موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ اسے سے قبل گھوٹکی میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا تھا کہ مخالف الیکشن میں آئیں، ہم ان کا خیر مقدم کرتے ہیں، آج کی بات چیت میں دوستوں اور دشمنوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ گزشتہ حکومت کے خلاف، عمران خان کے خلاف تحریک اس لیے نہیں چلائی تھی کہ ہمیں اقتدار چاہیے تھا۔

سابق صدر نے کہا تھا کہ ہم نے ہمیشہ عوام کی نوکری کی ہے، ذوالفقار علی بھٹو کی قبر پر لکھا ہے کہ یہاں عوام کا نوکر دفن ہے، عوامی نوکری میں ہی ہماری جنت و دوزخ ہے، ہمارے روزے، سجدے کام نہیں آنے، اگر کام آنی ہے تو عوامی خدمت ہی کام آنی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو ہمارے مخالف الیکشن میں آرہے ہیں، وہ آئیں، کھڑے ہوں، ان کا خیر مقدم کرتے ہیں، جمہوریت ہوگی، مقابلے کی فضا ہوگی تو ہی بہترین نتیجہ سامنے آئے گا، ہم کسی کو منع نہیں کرتے، سب کو کہتے ہیں کہ اپنی سیاست کریں، ہماری اپنی سیاست اور فلسفہ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 نومبر 2024
کارٹون : 14 نومبر 2024