• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

نواز شریف کی امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات، سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال

شائع November 18, 2023
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دو طرفہ تعلقات، باہمی کثیرالجہتی خدشات پر تعاون پر تبادلہ خیال کیا: فوٹو: مسلم لیگ (ن)
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دو طرفہ تعلقات، باہمی کثیرالجہتی خدشات پر تعاون پر تبادلہ خیال کیا: فوٹو: مسلم لیگ (ن)

سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے لاہور میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی جہاں انہوں نے ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال کے ساتھ ساتھ آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے پارٹی کی تیاریوں پر بات چیت کی۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد اور امریکی سفیر کے درمیان یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس آنے کے بعد سے عام انتخابات کی تیاری میں عوامی رابطہ مہم پر ہیں۔

پارٹی کی طرف سے جارہ کردہ بیان کے مطابق امریکی سفیر نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جہاں ان کی گفتگو دونوں ممالک کے تعلقات کی اہمیت اور دیگر مسائل پر مرکوز تھی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے پاکستان کی معاشی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جبکہ ان کی خاص توجہ اگلے عام انتخابات میں پارٹی کی تیاری پر مرکوز تھی۔

امریکی سفیر کے ساتھ گفتگو میں سابق وزیر اعظم نے انہیں آگاہ کیا کہ ملک کو اس وقت درپیش متعدد چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے عوام ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کریں گے۔

دونوں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور باہمی کثیرالجہتی خدشات پر تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان مستحکم اور مضبوط شراکت داری کی اہمیت کا بھی اعتراف کیا۔

بیان کے مطابق انہوں نے تعاون کو بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور ان کامیاب نتائج پر زور دیا جو امریکا اور پاکستان کے درمیان مضبوط دو طرفہ تعلقات کی بنیاد رکھتے ہیں۔

پارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں تجارت، معیشت، موسمیاتی تبدیلی، سلامتی اور علاقائی استحکام سمیت مختلف شعبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر نواز شریف نے نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کا معاملہ بھی اٹھایا جن کو اسرائیلی بمباری میں بے رحمی سے قتل کیا جارہا ہے۔

نواز شریف نے فوری طور پر اسرائیلی جارحیت کے خاتمے اور غزہ کے لوگوں کو انسانی اور طبی امداد کی فوری فراہمی پر زور دیا۔

نواز شریف سمیت مختلف رہنماؤں سے ڈونلڈ بلوم نے ملاقاتیں کیں، امریکی سفارت خانہ

بعدازاں اسلام آباد میں قائم امریکی سفارت خانے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان میں تعینات سفیر ڈونلڈ بلوم نے سابق وزیراعظم نواز شریف مختلف سیاسی رہنماؤں سے لاہور اور ملتان میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

امریکی مشن کے ترجمان جوناتھن لیلی نے بیان میں کہا کہ ڈونلڈ بلوم نے لاہور میں سابق وزیراعظم نواز شریف، استحکام پاکستان پارٹی کے بانی جہانگیر ترین اور ملتان میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے الگ،الگ ملاقاتیں کیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے رابطوں کے تحت سفیر ڈیوڈ بلوم نے ملتان میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات کی جہاں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ملتان اور لاہور میں نواز شریف اور جہانگیر ترین وفد کی میزبانی کی۔

بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں آزادانہ اور شفاف انتخابات اور پاکستان کے عوام کو اپنی مستقبل کی قیادت منتخب کرنے کے حق سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ ان ملاقاتوں میں امریکا-پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات مزید مضبوط کرنے اور پاک-امریکا ’گرین الائنس‘ فریم ورک کے فروغ پر بات کی گئی۔

آصف زرداری کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات

پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات کی۔

سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے شاہ چارلس کے جنم دن کے حوالے سے اظہار مسرت کا پیغام دیا اور ڈیوڈ کیمرون کے وزیرخارجہ بننے پر بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

آصف زرداری نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے برطانیہ سے مصالحتی کردار ادا کرنے پر زور دیا۔

آصف زرداری اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔

سابق صدر اور برطانوی ہائی کمشنر کے درمیان ملاقات کے موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم بھی موجود تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024