• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

سابق فاسٹ باؤلر سہیل تنویر جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ مقرر

شائع November 18, 2023
سہیل تنویز نے کہا کہ یہ تعیناتی میرے لیے اعزاز ہے—فوٹو: پی سی بی
سہیل تنویز نے کہا کہ یہ تعیناتی میرے لیے اعزاز ہے—فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق فاسٹ باؤلر سہیل تنویر کو جونیئر سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا۔

پی سی بی سے جاری بیان کے مطابق 2009 ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے رکن اور سابق کرکٹر سہیل تنویر کو جونیئر سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ سہیل تنویر نے 2007 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا اور پاکستان کے لیے 2 ٹیسٹ، 62 ون ڈے اور 57 ٹی ٹوئنٹی کھیلے، انہوں نے تینوں فارمیٹس میں 130 وکٹیں حاصل کیں اور 612 رنز بنائے۔

پی سی بی کے مطابق جونیئر سلیکشن کمیٹی کے چیئرپرسن کے طور پر سہیل تنویر کی پہلی ذمہ داری متحدہ عرب امارات میں 8 سے 17 دسمبر کے درمیان شیڈول ’اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ 2023‘ کے لیے پاکستان انڈر 19 اسکواڈ کا انتخاب ہوگی۔

بعدازاں پاکستان انڈر 19 ٹیم 13 جنوری سے 4 فروری تک سری لنکا میں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں حصہ لے گی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ سہیل تنویر نے کہا کہ میں چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی جانب سے جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے تعیناتی پر شکر گزار ہوں، یہ واقعی میرے لیے اعزاز ہے، اس کمیٹی کا چیئرمین مقرر ہونا ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے اور میں اس دلچسپ چیلنج کے لیے تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے نوجوان ٹیلنٹ کی صلاحیت پر یقین رکھتا ہوں اور ہم مشترکہ طور پر نچلی سطح سے لے کر بین الاقوامی سطح تک کامیابی کے لیے ایک راستہ بنانا چاہتے ہیں۔

سہیل تنویر نے مزید کہا کہ ہمارا پہلا کام آئندہ ’اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ‘ کے لیے انڈر 19 اسکواڈ کا انتخاب ہوگا کیونکہ ہم اگلے سال کے آخر میں آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں حصہ لینے کے لیے ایک مضبوط ٹیم بنانے کی تیاری کر رہے ہیں۔

قبل ازیں پی سی بی نے گزشتہ روز سابق فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کو قومی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا تھا۔

پی سی بی سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وہاب ریاض کو قومی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا ہے اور ان کی پہلی ذمہ داری 14 دسمبر کو آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والی 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب ہوگا۔

قومی ٹیم اگلے ماہ آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جہاں 14 دسمبر سے 7 جنوری تک تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی، جنوری میں ٹیم کا اگلا پڑاؤ نیوزی لینڈ ہوگا جہاں 12 جنوری سے 21 جنوری تک 5 ٹی20 میچز کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی انتہائی ناقص کارکردگی کے بعد انتظامیہ اور ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کردی گئی ہے اور بابراعظم نے 3 روز قبل ٹیم کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا۔

بابراعظم کے استعفے کے بعد پی سی بی نے ٹیسٹ اور ٹی20 ٹیم کے کپتانوں کا اعلان کردیا اور شان مسعود کو ٹیسٹ جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹی20 ٹیم کا کپتان مقرر کردیا ہے، اسی طرح محمد حفیظ کو ٹیم کا ڈائریکٹر مقرر کردیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024