• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پنجاب: ملتان میں پہلا اینٹی ریپ کرائسز سیل قائم کر دیا گیا

شائع November 17, 2023
پاکستان کے پہلے اینٹی ریپ کرائسز سیل کا آغاز رواں سال اگست میں کراچی پولیس سرجن کے دفتر میں ہوا تھا — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
پاکستان کے پہلے اینٹی ریپ کرائسز سیل کا آغاز رواں سال اگست میں کراچی پولیس سرجن کے دفتر میں ہوا تھا — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے ادارے (یو این ویمن) کی تکنیکی معاونت کے ساتھ حکومت پنجاب نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی ہسپتال ملتان میں اینٹی ریپ کرائسز سیل (اے آر سی سی) قائم کر دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اینٹی ریپ کرائسز سیل امریکی مالی امداد سے چلنے والے تحفظ پروگرام کا حصہ ہے جو جنسی تشدد سے نمٹنے، متاثرین کی صحت، انصاف حاصل کرنے اور بااختیار بنانے کے لیے ہے۔

یہ سیل ایک اہم وسائل کے مرکز کے طور پر کام کرتے ہوئے متاثرین کو طبی اور نفسیاتی مدد، قانونی امداد اور مشاورت سمیت متعدد خدمات فرہم کرے گا، اے آر سی سی مناسب سیکیورٹی کے ساتھ 24 گھنٹے کام کرے گا۔

امریکا کی مدد اور یو این ویمن کی تکنیکی معاونت کے ساتھ پاکستان کے پہلے اینٹی ریپ کرائسز سیل کا آغاز رواں سال اگست میں کراچی پولیس سرجن کے دفتر میں ہوا، ملتان میں اس کا قیام جنسی تشدد کے متاثرین کی مدد اور انصاف کی فراہمی کی جانب ایک کلیدی قدم ہے۔

پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے جنسی تشدد سے لڑنے اور متاثرین کے حقوق کی وکالت کے لیے امریکی حکومت کی حمایت پر روشنی ڈالی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اینٹی ریپ کرائسز سیل کے قیام پر حکومت پنجاب اور یو این ویمن کی تعریف کرتا ہوں، جنسی تشدد مقامی نہیں بلکہ عالمی مسئلہ ہے جو اجتماعی کارروائی کا مطالبہ کرتا ہے، بین الاقوامی برادری جنسی تشدد کا مقابلہ کرنے اور متاثرین کی بحالی اور انصاف کے لیے ضروری وسائل فراہم کرنے کی کوششوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری ریٹائرڈ کیپٹن ثاقب ظفر نے پاکستانی حکومت کی جانب سے جنسی تشدد کے خاتمے اور متاثرین کو جامع مدد فراہم کرنے کے عزم پر زور دیا۔

یو این ویمن کی نمائندہ برائے پاکستان شرمیلا رسول نے متاثرہ خواتین کے لیے مربوط خدمات کی بنیاد کے طور پر اینٹی ریپ کرائسز سیلز کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اینٹی ریپ کرائسز سیل جنسی تشدد سے نمٹنے اور متاثرین کے حقوق اور بہبود کو یقینی بنانے کے لیے ہماری اجتماعی کوششوں میں اہم ستون کے طور پر کام کرتا ہے، خدمات اور مدد فراہم کر کے یہ متاثرین کی بحالی اور انصاف کے حصول کے لیے بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

نگران وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ ملتان میں اے آر سی سی کی سہولت جنوبی پنجاب کی ترقی پر حکومت کی توجہ کی عکاسی کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ہم نے جنوبی پنجاب میں صوبے کے پہلے اینٹی ریپ کرائسز سیل کا افتتاح کرنے کے لیے اکٹھے ہوکر تمام شہریوں کے لیے انصاف اور تحفظ فراہم کرنے کی اپنی انتھک جدوجہد میں ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے، اس کرائسز سیل کا قیام ہماری حکومت کی لگن اور جنسی تشدد کے خلاف جاری جنگ میں مختلف اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کا ثبوت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024