• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm

آئی ایم ایف معاہدہ: اسٹاک ایکسچینج میں 716 پوائنٹس کا اضافہ، انڈیکس 57 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح عبور کر گیا

شائع November 16, 2023
13 نومبر کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1132.22 پوائنٹس اضافے کے بعد 56 ہزار کی نئی بلند ترین سطح عبور کرگیا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی
13 نومبر کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1132.22 پوائنٹس اضافے کے بعد 56 ہزار کی نئی بلند ترین سطح عبور کرگیا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی تیزی کا رجحان رہا اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 418 پوائنٹس اضافے کے بعد 57 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ روز 56 ہزار 680 پوائنٹس پر بند ہونے والا کے ایس ای-100 انڈیکس تقریباً 11 بج کر 32 منٹ پر 417.65 پوائنٹس یا 0.74 فیصد اضافے کے بعد 57 ہزار 98 پوائنٹس پر جا پہنچا تھا۔

دن میں ایک موقع پر انڈیکس انڈیکس 57 ہزار 549.26 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا لیکن اس کے بعد نسبتاً کمی واقع ہوئی اور انڈیکس میں اتار چڑھاؤ چلتا رہا۔

جب دن کا اختتام ہوا تو گزشتہ روز کے مقابلے میں کے ایس ای-100 انڈیکس 716.96 پوائنٹس یا 1.26 فیصد اضافے کے بعد 57ہزار 397.02 پوائنٹس پر بند ہوا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر میٹس گلوبل نے بتایا کہ اس اضافے کی بنیادی وجہ پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے درمیان اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدے کے پہلے سہ ماہی جائزے کی کامیاب تکمیل کے بعد اسٹاف لیول معاہدہ ہے۔

ٹریس مارک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج تاریخ کی بُلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز (15 نومبر) آئی ایم ایف کا پاکستان کے ساتھ پہلے جائزے میں عملے کی سطح پر معاہدہ طے پایا، اور ایگزیکٹیو بورڈ کی منظوری سے 70 کروڑ ڈالر جاری کردیے جائیں گے۔

عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف اور پاکستانی حکام کے درمیان اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ (ایس بی اے) کے تحت پہلے جائزے پر عملے کی سطح پر معاہدہ طے پایا گیا جو ایگزیکٹیو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ایگزیکٹیو بورڈ کی منظوری پر پاکستان کی 70 کروڑ ڈالر تک رسائی ہوگی۔

خیال رہے کہ 13 نومبر کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1132.22 پوائنٹس اضافے کے بعد 56 ہزار کی نئی بلند ترین سطح عبور کرگیا تھا، اس سے قبل 10 نومبر کو 55 ہزار ، 8 نومبر کو 54 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا۔

جبکہ 3 نومبر کو صدر مملکت اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان عام انتخابات کی تاریخ پر اتفاق ہونے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ساڑھے 6 سال بعد انڈیکس 53 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پیر (6 نومبر) کو کے ایس ای-100 انڈیکس 53 ہزار 123 پوائنٹس پر تھا، جس کا آغاز 737 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ہوا تھا، جبکہ آخری کاروباری روز جمعہ (10 نومبر) کو مارکیٹ کا اختتام ایک ہزار 130 پوائنٹس یا 2.08 فیصد اضافے کے ساتھ مجموعی طور پر 55 ہزار 391 پوائنٹس پر ہوا تھا، اس طرح مجموعی طور پر انڈیکس 2268 پوائنٹس یا 4.27 فیصد بڑھا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024