میری شادی کے یادگار لمحات کیوں کاپی کیے؟ صبور علی کا شکوہ
اداکارہ صبور علی نے الزام لگایا ہے کہ ان کی شادی کے یادگار لمحے کو ایک ٹی وی ڈرامے کے سین میں کاپی کیا گیا ہے۔
اداکارہ صبور علی کا نکاح رواں سال جنوری میں اداکار علی انصاری سے ہوا تھا، شادی کی تقریبات کا آغاز 3 جنوری سے ہوا تھا اور دونوں کے مایوں کی تقریبات 5 جب کہ مہندی کی تقریبات 6 جنوری کو ہوئی تھیں۔
نکاح کی تقریب میں صبور علی نے روایتی سفید اور گولڈ جیولری پہن رکھی تھی اور اپنی والدہ کی شادی جیسا لباس کا انتخاب کیا تھا، اداکارہ نے اپنی مرحوم والدہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ڈیزائنر فائزہ ثقلین کی طرف سے تیار کردہ کامدانی لباس زیب تن کیا تھا۔
نکاح کے لیے اسٹیج سفید رنگ کے پھولوں سے سجایا گیا تھا۔
تاہم اب جیو ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈراما سیریل ’منت مراد‘ کی گزشتہ روز کی قسط میں منت کا کردار ادا کرنی والی اقرا عزیز اور مراد کا کردار ادا کرنے والے طلحہ چہور کی شادی ہوئی تھی۔
ڈرامے میں دونوں کرداروں کی شادی کی تقریب اداکارہ صبور علی کی حقیقی شادی سے ملتی جلتی نظر آئی، ڈرامے میں نکاح کے لیے اسٹیج کی سجاوٹ بھی ویسے ہی کی گئی ہے جیسے صبور علی کی حقیقی شادی میں کی گئی تھی۔
اس کے علاوہ صبور علی کی حقیقی شادی کی جیولری اور ڈرامے میں اقرا عزیز کی جیولری بھی کافی ملتی جلتی دکھائی دیتی ہے۔
یہی نہیں بلکہ اقرا عزیز اور صبور علی کے جوڑے کا رنگ بھی ایک جیسا ہے۔
یہ دیکھ کر صبور علی غصہ ہوگئیں اور ڈرامے کی پروڈکشن ٹیم پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے اداکارہ کی اجازت کے بغیر ان کی حقیقی شادی کے یادگار لمحے کو کاپی کیا ہے۔
صبور علی نے انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ ’اب میں یہ دیکھ کر کیسا محسوس کروں؟ میرے یادگار لمحات، میری یادیں، میرے جذبات، میرا وژن اور میری زندگی کے سب سے خاص دن کے لیے میرا لباس اور جیولری سے کے میک اپ تک سب کچھ ڈرامے میں کاپی کیا گیا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے اپنی شادی میں تیار ہونے کے لیے ہر چھوٹی سی چھوٹی چیز پر محنت کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’کسی چیز سے متاثر ہونے اور کاپی کرنے میں فرق ہوتا ہے، میرے خاص دن کو کاپی کیا گیا ہے۔ ’
صبور علی کی جانب سے لگائے گئے الزام پر سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ ’صبور علی کو خوش ہونا چاہیے کوئی ان کی شادی کے لُک اور سجاوٹ سے متاثر ہے، دنیا میں اور بھی بڑے مسئلے ہیں۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’اس طرح ہر پاکستانی دلہن تیار ہوتی ہے، اس میں کوئی نئی بات نہیں ہے اور اگر انہوں نے کاپی کر بھی لیا تو اس میں غصہ ہونے والی کیا بات ہے، انہیں خوش ہونا چاہیے‘۔