• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

شان مسعود ٹیسٹ، شاہین آفریدی ٹی20 کے نئے کپتان، حفیظ ٹیم ڈائریکٹر مقرر

شائع November 15, 2023
شان مسعود کو ٹیسٹ اور شاہین کو ٹی20 ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے— فائل فوٹوز: اے ایف پی
شان مسعود کو ٹیسٹ اور شاہین کو ٹی20 ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے— فائل فوٹوز: اے ایف پی

بابر اعظم کے استعفے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے قومی ٹیم کے نئے کپتانوں کا اعلان کردیا ہے جہاں ٹیسٹ ٹیم کا کپتان شان مسعود اور ٹی20 ٹیم کا کپتان شاہین شاہ آفریدی کو مقرر کردیا گیا ہے جبکہ کوچنگ اسٹاف میں بھی تبدیلی کرتے ہوئے محمد حفیظ کو ٹیم ڈائریکٹر بنا دیا گیا ہے۔

سابق کپتان بابر اعظم نے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس کے بعد آج تینوں فارمیٹس کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ آج میں تمام فارمیٹس میں پاکستان کی کپتانی چھوڑ رہا ہوں، یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ اس فیصلے کے لیے یہ صحیح وقت ہے۔

بابر نے کہا تھا کہ میں تینوں فارمیٹس میں بطور کھلاڑی ٹیم کی نمائندگی کرتا رہوں گا اور اپنے تجربے سے نئے کپتان اور ٹیم کو سپورٹ کرتا رہوں گا۔

ان کے اس اعلان کے کچھ دیر بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ اور ٹی20 ٹیم کے کپتانوں کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے شان مسعود کو پاکستان کی ٹیسٹ ٹی کی قیادت سونپی ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹی20 ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے و ن ڈے ٹیم کے کپتان کے نام کا اعلان فی الوقت نہیں کیا گیا۔

شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی بین الاقوامی سطح پر ٹیم کی قیادت کا تجربہ نہیں رکھتے لیکن دونوں کو ڈومیسٹک اور ٹی20 میں ٹیم کی قیادت کرنے کا کافی تجربہ ہے۔

شان مسعود پاکستان سپر لیگ کی ٹیم ملتان سلطانز کی قیادت کر چکے ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی لاہور قلندرز کے کپتان ہیں اور ان کی قیادت میں قلندرز نے چیمپیئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔

شان مسعود کو منصب سنبھالتے ہی کڑے امتحان کا سامنا ہو گا کیونکہ پاکستان کی ٹیم تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے آسٹریلیا جائے گی جہاں اسے گزشتہ 14 ٹیسٹ میچوں میں مسلسل ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ٹیسٹ سیریز کے بعد قومی ٹیم نیوزی لینڈ جائے گی جہاں وہ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں پہلی بار ٹی20 سیریز کھیلے گی۔

کوچنگ اسٹاف بھی تبدیل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک اور اہم تبدیلی کرتے ہوئے ڈائریکٹر مکی آرتھر سمیت قومی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کا پورٹ فولیو بھی تبدیل کردیا ہے۔

بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تمام کوچز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کام کرتے رہیں گے اور پاکستان کرکٹ بورڈ دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے لیے کوچنگ اسٹاف کا اعلان جلد کرے گا۔

بعدازاں بورڈ کی جانب سے جاری ایک اور پریس ریلیز میں اعلان کیا گیا کہ محمد حفیظ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مقرر کردیے گئے ہیں۔

محمد حفیظ نے 55 ٹیسٹ، 218 ون ڈے اور 119ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 12ہزار 780 رنز بنائے اور253 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ سے قبل حفیظ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ٹیکینکل کمیٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024