• KHI: Maghrib 5:44pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:02pm Isha 6:27pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • KHI: Maghrib 5:44pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:02pm Isha 6:27pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm

’غلطی سے زبان پھسل گئی‘ ایشوریا رائے سے متعلق نامناسب گفتگو پر عبدالرزاق نے معذرت کرلی

شائع November 15, 2023
فائل فوٹو: ایکس
فائل فوٹو: ایکس

بولی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے سے متعلق نامناسب بات کہنے پر تنقید کا سامنا کرنے کے بعد قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ ارادہ نہیں تھا، غلطی سے ان کی زبان پھسل گئی تھی۔

عبدالرزاق نے کچھ روز قبل ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران ایشوریا رائے کی مثال دیتے ہوئے ان کےحوالے سے نامناسب بات کہی تھی، جس کی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

کرکٹرز کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے عبدالرزاق نے کہا تھا کہ اگر کسی مسئلے کو حل کرنے کی نیت ہوگی تو وہ مسئلہ حل ہوگا۔

سابق کپتان شاہد آفریدی اور فاسٹ باؤلر عمر گل بھی اسٹیج پر موجود تھے، عبدالرزاق نے اپنی بات جاری کرتے ہوئے مثال دی تھی کہ ’اگر آپ کی نیت ہوگی کہ آپ ایشوریا رائے سے شادی کرلیں اور پھر وہاں سے نیک بچہ پیدا ہو تو یہ نہیں ہوسکتا۔‘

عبدالرزاق کی جانب سے ایشوریا رائے کا نام لینے اور ان کے حوالے سے نامناسب بات کہنے پر سابق کرکٹرز شاہد آفریدی اور عمر گل بھی مسکراتے اور تالیاں بجاتے رہے جس کی وجہ سے انہیں بھی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

بعدازاں شاہدآفریدی نے سما ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسٹیج پر عبدالرزاق کی بات غور سے نہیں سنی تھی، انہوں نے غیر ارادی طور پر تالیاں بجائی تھیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ ’کل پروگرام چل رہا تھا، عبدالرزاق نے کوئی بات کرلی لیکن مجھے سمجھ نہیں آئی، میں ویسے ہی ہنسنا شروع ہوگیا، مجھے معلوم تھا کہ عبدالرزاق کے ہاتھ میں مائک ہے اور اس نے کوئی نہ کوئی بات کرنی ہی ہے، اسے جگتوں کا بہت شوق ہے۔‘

سابق کپتان نے کہا کہ انہوں نے گھر جاکر ویڈیو کلپ غور سے سنی جس کے بعد انہیں معلوم ہوا کہ عبدالرزاق نے اصل میں کیا کہا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں تو ویسے ہی ہنسنے لگ گیا تھا، میں نے جب گھر واپس آکر ویڈیو کلپ غور سے دیکھی تب مجھے معلوم ہوا کہ اس نے اصل میں کیا کہا تھا، مجھے اس کی بات سن کر بہت عجیب لگا، میں اسے میسج کروں گا کہ سب لوگوں سے معافی مانگے، یہ بہت غلط مذاق تھا۔‘

شاہد آفریدی نے ہنستے ہوئے کہا کہ عام طور پر لوگوں کو غلطی کرنے کے بعد احساس ہوتا ہے کہ انہوں نے غلط بات کی تھی لیکن عبدالرزاق کو احساس نہیں ہوتا۔

اسی دوران فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر عبدالرزاق کی جانب سے نامناسب بات پر ناگواری کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’میں رزاق کے نامناسب مذاق کی شدید مذمت کرتا ہوں،کسی عورت کی اس طرح سے بے عزتی نہیں ہونی چاہیے، ان کے آس پاس بیٹھے لوگوں کو ہنسنے اور تالیاں بجانے کی بجائے فوراً اس کے خلاف بولنا چاہیے تھا۔‘

بعدازاں سما ٹی وی کی جانب سے عبدالرزاق کی ویڈیو کلپ شئیر کی گئی جس میں انہوں نے اپنی بات پر معذرت کر لی۔

عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ ’پریس کانفرنس میں کرکٹ اور کوچنگ کی بات ہورہی تھی، اس دوران میں زبان پھسل گئی، مجھے مثال کچھ اور دینی تھی لیکن ایشوریا رائے کا نام میرے منہ سے نکل گیا۔ ’

انہوں نے کہا کہ میں ایشوریا رائے سے معذرت خواہ ہوں، میرا یہ ارادہ نہیں تھا، مجھے کچھ اور مثال دینی تھی لیکن ان کا نام منہ سے نکل گیا، میں بہت معذرت خواہ ہوں۔

شاہد آفریدی کی طرح بعدازاں عمر گل نے بھی معذرت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی ایسے بیانات کی حمایت نہیں کی۔

انہوں نے ایکس پر لکھا کہ ’میں نے کبھی بھی ایسے بیانات کی حمایت نہیں کی اور نہ ہی کبھی ایسی گفتگو کا حصہ رہا ہوں، یہ بالکل اچانک تھا اور مجھے اس بات چیت کا احساس نہیں تھا جو نہیں ہونا چاہئے تھا، میں اپنی طرف سے معذرت خواہ ہوں، ہمیں ہر شخص کا احترام کرنا چاہیے۔‘

کارٹون

کارٹون : 18 نومبر 2024
کارٹون : 17 نومبر 2024