• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

آسٹریلیا کے کلب کرکٹر کا 6 گیندوں پر 6 وکٹوں کا ریکارڈ

شائع November 13, 2023
گیراتھ مورگن نے کہا کہ یہ ناقابل یقین ہے—فوٹو: اے بی سی ویب سائٹ
گیراتھ مورگن نے کہا کہ یہ ناقابل یقین ہے—فوٹو: اے بی سی ویب سائٹ

آسٹریلیا کے کلب کرکٹر نے گولڈ کوسٹ پریمیئر لیگ کے ایک روزہ کرکٹ میچ کے آخری اوور میں 6 گیندوں پر 6 بلے بازوں کو آؤٹ کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلائی، جسے ناقابل یقین قرار دیا گیا۔

خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق گولڈ کوسٹ پریمیئر لیگ ڈویژن 3 کے میچ میں مڈگیرابا کے کپتان گیراتھ مورگن، سرفرز پریڈائز کے خلاف میچ میں آخری اوور کرانے آئے تو ان کی ٹیم کی جیت کے امکانات بہت کم تھے کیونکہ مخالف ٹیم کو ایک اوور میں 5 رنز درکار تھے اور اس کی 6 وکٹیں باقی تھیں۔

گیراتھ مورگن نے اننگز کے آخری اوور کی پہلی گیند پر سرفرز پریڈائز کے 65 رنز بنا کر کھیلنے والے اوپنر جیک گارلینڈ کو آؤٹ کیا اور اس کے بعد 5 گیندوں پر نئے آنے والے پانچوں بلے بازوں کی وکٹیں ہتھیا لیں۔

گولڈ کوسٹ بلیٹن کو مورگن نے بتایا کہ امپائر مجھے اوور کے شروع میں کہہ رہے تھے یہ مذاق ہے کہ میں ہیٹ ٹرک کروں یا میچ جیت لیں۔

گیراتھ مورگن نے تباہ کن باؤلنگ کے بعد قومی سطح پر توجہ اپنے طرف مبذول کروائی ہے اور پوری دنیا میں ان کے چرچے ہیں۔

انہوں نے آسٹریلیا کے قومی نشریاتی ادارے ’اے بی سی‘ کو بتایا کہ جب یہ سب کچھ ہوگیا تو امپائر مجھے دیکھتے رہ گئے اور یہ بالکل غیریقینی تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ہیٹ ٹرک کے بعد سوچ رہا تھا کہ اب ہمیں یہ میچ نہیں ہارنا چاہیے۔

گیراتھ مورگن نے کہا کہ جب آخری گیند پر وکٹیں اکھڑ چکی تھیں تو مجھے یقین نہیں آرہا تھا کیونکہ ایسا پہلے کبھی میں نے نہیں دیکھا تھا۔

ریکارڈ باؤلنگ کے دوران گیراتھ مورگن نے پہلی 4 وکٹیں کیچ کراتے ہوئے حاصل کی تھیں اور باقی دو بلے بازوں کو بولڈ کردیا تھا۔

دوسرے اینڈ پر ناٹ آؤٹ رہنے والے بلے باز 6 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے بلے بازوں کو دیکھتے رہ گئے۔

اے بی سی کے مطابق پروفیشنل کرکٹ میں ایک اوور میں سب سے زیادہ 5 وکٹیں لینے کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے نیل ویگنر، بنگلہ دیش کے الامین حسین اور بھارت کے ابھیمنیو متھن کے پاس تھا۔

نیل ویگنر نے 2011، الامین حسین نے 2013 اور ابھیمنیو متھن نے 2019 میں ایک اوور میں 5 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024