• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

بھارت: اتراکھنڈ کی سرنگ میں پھنسے تمام 40 مزدور محفوظ، ریسکیو کی کوششیں جاری

شائع November 13, 2023
سرنگ میں پھنسے مزدوروں سے واکی ٹاکی کے ذریعے رابطہ کیا گیا ہے — فوٹو: انڈیا ٹوڈے
سرنگ میں پھنسے مزدوروں سے واکی ٹاکی کے ذریعے رابطہ کیا گیا ہے — فوٹو: انڈیا ٹوڈے

بھارت کے شمالی علاقے میں ریسکیو ورکرز نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز کام کے دوران سرنگ ڈھے جانے کے سبب اندر پھنسے 40 مزدوروں سے تقریباً 24 گھنٹوں گزر جانے کے بعد ان کا رابطہ ہوگیا ہے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کے سینیئر کمانڈر کرم ویر سنگھ بھنڈاری نے ہمالیائی ریاست اتراکھنڈ میں جائے وقوع سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سرنگ کے اندر پھنسے تمام 40 مزدور محفوظ ہیں، ہم نے انہیں پانی اور کھانا بھیج دیا ہے۔

سرنگ منہدم ہونے کا واقعہ گزشتہ روز صبح سویرے پیش آیا، امدادی ٹیمیں مزدوروں تک پہنچنے کی کوششوں کے دوران ملبے کو ہٹانے کے لیے بھاری مشینری کا استعمال کر رہی ہیں۔

سرنگ کے ملبے تلے پھنسے مزدوروں کے لیے آکسیجن پمپ کی جا رہی ہے، پانی کے پائپ کے ذریعے کھانا بھیجا جا رہا ہے، مزدورں سے ابتدائی طور پر رابطہ کاغذ کے ٹکڑوں پر تحریر کے ذریعے کیا گیا لیکن بعد ازاں ریسکیو ورکرز ریڈیو ہینڈ سیٹس کا استعمال کرتے ہوئے اُن سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

جائے وقوع پر موجود ریسکیو اہلکار درگیش راٹھوڈی نے بتایا کہ کھانے کے کچھ چھوٹے پیکٹ ایک پائپ کے ذریعے اندر بھیجے گئے ہیں، ان پائپوں کے ذریعے آکسیجن بھی اندر پہنچائی جارہی ہے۔

درگیش راٹھوڈی نے کہا کہ کھدائی کے دوران تقریباً 20 میٹر تک بھاری ملبہ ہٹا دیا گیا ہے لیکن اندر پھنسے مزدور اس مقام سے 40 میٹر دور موجود ہیں۔

کرم ویر سنگھ بھنڈاری نے مزید کہا کہ سرنگ میں زیادہ ملبے کی وجہ سے ہمیں ریسکیو میں دشواری کا سامنا ہے لیکن ہماری ٹیم کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی۔

اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے جائے حادثہ کا فضائی دورہ کیا، انہوں نے کہا کہ مزدوروں کو بحفاظت باہر نکالنے کے لیے ملبے کو ہٹانے کا کام مسلسل جاری ہے۔

انہوں نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ سرنگ میں پھنسے مزدوروں سے واکی ٹاکی کے ذریعے رابطہ کیا گیا ہے، انہیں جلد از جلد بحفاظت باہر نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

یہ سرنگ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے پسندیدہ چار دھام روڈ پروجیکٹ کا حصہ ہے جس کا مقصد ملک کے کچھ مشہور ہندو مندروں کے ساتھ ساتھ چین کی سرحد سے متصل علاقوں کے ملک کے بقیہ حصوں کے ساتھ رابطے کو بہتر بنانا ہے۔

بھارت میں بنیادی ڈھانچے جیسے پُل اور سرنگ وغیرہ کی تعمیر کے دوران حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

جنوری میں اتراکھنڈ میں سیلاب میں کم از کم 200 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور ماہرین نے علاقے میں حد سے زیادہ ترقیاتی کاموں کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024