• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شادی اور طلاق کا سال یاد ہے نہ رکھنا چاہتی ہوں، فضا علی

شائع November 9, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

اداکارہ و میزبان فضا علی نے کہا ہے کہ انہیں شادی کرنے کا سال یاد نہیں اور نہ ہی وہ ایسی باتوں کو یاد رکھنا چاہتی ہیں، البتہ انٹرنیٹ پر ان کی شادی سے متعلق مکمل معلومات دستیاب ہوگی۔

فضا علی نے حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شادی اور طلاق سمیت تنہا زندگی گزارنے کے دوران پیش آنے والی مشکلات پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے ہاں پہلی بیٹی فرال کی پیدائش شادی کے فوری بعد ہوئی تھی لیکن بچی کی پیدائش کے تیسرے دن ہی انہوں نے شوٹنگ شروع کردی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کا بہانا بناکر کام بند نہیں کرنا چاہیے، مشکلات کے باوجود ہمت کرکے آگے بڑھنا چاہیے۔

اداکارہ نے معاشرے میں طلاق یافتہ خواتین سے متعلق پائی جانے والی منفی سوچ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ عام طور پر لوگ طلاق یافتہ خواتین سے مشورے تک نہیں مانگتے اور ان سے متعلق خیال کیا جاتا ہے کہ ان کی اپنی شادی تو چلی نہیں، وہ کیا دوسروں کو مشورہ دیں گی۔

فضا علی کا کہنا تھا کہ طلاق بہت بڑا صدمہ ہوتا ہے، جسے ہر کوئی برداشت نہیں کر پاتا، بعض خواتین طلاق کے بعد محدود ہوجاتی ہیں، وہ اپنی سہیلیوں سے ملنا تک چھوڑ دیتی ہیں۔

شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب وہ اسکول میں پڑھتی تھیں، تب سے ان کی شادی کے رشتے آتے تھے جو کالج کی پڑھائی تک جاری رہے لیکن پھر ان کی شادی کے رشتے آنا کم ہوگئے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ شوبز میں کام کرنے کے دوران والدہ نے انہیں سختی سے ہدایت کر رکھی تھی کہ ہر لڑکے کو بھائی بولنا ہے اور وہ ایسا ہی کرتی تھیں جو انہیں شادی کی پیش کش کرتا، وہ انہیں بولتیں کہ بھائی ان کی والدہ سے بات کی جائے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ پہلے شوہر سے شادی کے وقت ان سے کچھ غلطیاں ہوئیں، انہوں نے انہیں بھائی نہیں بولا۔

فضا علی نے بتایا کہ ان کے اور ان کے پہلے شوہر فواد فاروق کے درمیان ایک شادی پر ملاقات ہوئی، جہاں دیکھتے ہی انہیں انہوں نے رشتے کی پیش کش کی اور کہا کہ وہ ان کی والدہ سے بات کرنا چاہتے ہیں۔

اداکارہ کے مطابق مذکورہ شادی پر وہ اپنا فون بھول گئی تھیں جو فواد فاروق کو ملا، جنہوں نے اس موبائل سے ان کی والدہ کا نمبر نکال کر ان سے فون پر بات کی اور رشتے کے لیے بہن کے ہمراہ آنے کی اجازت مانگی۔

انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں فواد فاروق ان کی والدہ کے پاس رشتہ لے آئے، جس پر والدہ راضی ہوگئیں لیکن فوری طور پر ان کے رشتے کے لیے رضامند نہ ہوئیں۔

فضا علی کا کہنا تھا کہ بعد ازاں ان کی والدہ کی طبیعت انتہائی تشویش ناک ہوگئیں اور جب انہیں انتہائی نگہشدات کے وارڈ (آئی سی یو) میں داخل کرانا پڑا، تب ان کی والدہ نے ان کا ہاتھ فواد فاروق میں دیا اور کہا کہ دونوں شادی کرلینا۔

ایک سوال کے جواب میں فضا علی نے دعویٰ کیا کہ انہیں شادی کا سال یاد نہیں اور نہ ہی وہ اسے یاد رکھنا چاہتی ہیں، البتہ کہا کہ گوگل پر ان کی شادی سے متعلق معلومات دستیاب ہوگی اور غالباً انہوں نے 2007 میں شادی کی تھی۔

اداکارہ نے طلاق کی وجوہات پر بات نہیں کی، نہ ہی سابق شوہر فواد فاروق کی برائیاں کیں، البتہ بتایا کہ طلاق کے بعد انہیں ضرور مشکلات پیش آئیں لیکن انہوں نے تمام مسائل کا مقابلہ کرکے زندگی کو آگے بڑھایا۔

خیال رہے کہ فضا علی نے 2007 میں فواد فاروق سے شادی کی تھی، جن سے انہیں ایک بیٹی فرال بھی ہے۔

اداکارہ نے پہلے شوہر سے شادی کے محض تین سال بعد ہی طلاق لے لی تھی اور بعد ازاں 2018 میں انہوں نے ایاز ملک نامی کاروباری شخص سے شادی کی تھی۔

فضا علی کی دوسری شادی بھی کامیاب نہ ہوسکی اور وہ بھی کچھ ہی عرصے بعد طلاق پر ختم ہوگئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024