خیبرپختونخوا میں 3 مختلف واقعات میں پاک فوج کے 3 اہلکار شہید ہوگئے، آئی ایس پی آر
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 3 الگ الگ واقعات میں پاک فوج کے 3 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ دو دہشت گرد بھی مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے روڑی میں کارروائی کی جہاں ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا گیا اور دو زخمی ہوگئے۔
بیان میں کہا گیا کہ مارے گئے دہشت گرد کی شناخت کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خود کش بمبار اسامہ کے نام سے ہوئی، جو علاقے میں بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دوسری کارروائی ضلع لکی مروت میں کی گئی جہاں ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا گیا اور دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے تباہ کردیے۔
کارروائی کے حوالے سے بتایا گیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے دو جوان ضلع گجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ نائیک ظفر اقبال اور گلگت بلتستان کے ضلع غذر سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ سپاہی حاجی جان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ ایک اور واقعہ ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کولاچی دھماکا خیز مواد کے پھٹنے سے پیش آیا، جس کے نتیجے میں ضلع میرپور خاص سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ حوالدار شاہد اقبال نے شہادت پائی۔
مزید بتایا گیا کہ مذکورہ علاقوں میں کسی دہشت گرد کی موجودگی کی صورت میں ان کے خاتمے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی اس طرح کی قربانیوں سے ہمارا عزم مزید مضبوط ہوتا ہے۔
اس سے قبل خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ٹانک اڈہ کے قریب پولیس پر کیے گئے بم دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور20 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع گوادر میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 14 اہلکار شہید ہوگئے۔
خیال رہے کہ کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے گزشتہ برس نومبر میں حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے اعلان کے بعد پاکستان میں خاص طور پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
اس سے قبل 28 اکتوبر کو خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر اور جنوبی وزیرستان میں دو مختلف واقعات میں سیکیورٹی فورسز کے 3 جوان شہید اور ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک عسکریت پسند مارا گیا۔
دوسری جانب جنوبی وزیرستان کے علاقے سرویکئی میں بارودی سرنگ پھٹنے سے 2 فوجی شہید ہوگئے تھے۔