• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

’ان شااللہ، انتخابات 8 فروری کو ہوں گے‘، الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن پیش کیے جانے کے بعد چیف جسٹس کے ریمارکس

چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ وہ آج ہی اس معاملے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے مشاورت کرے —فوٹو: سپریم کورٹ ویب سائٹ
چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی کہ وہ آج ہی اس معاملے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے مشاورت کرے —فوٹو: سپریم کورٹ ویب سائٹ

8 فروری 2024 کو ملک میں عام انتخابات کرانے پر رضامندی کے ایک دن بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ میں پولنگ کی تاریخ سے متعلق نوٹی فکیشن جمع کرادیا جس کے بارے میں کہا گیا کہ وہ حتمی ہے۔

سپریم کورٹ میں پیش کیے گئے نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان الیکشنز ایکٹ کے آرٹیکل 57 (1) اور اس سلسلے میں اسے بااختیار بنانے والی دیگر تمام دفعات کے تحت 8 فروری 2024 کو عام انتخابات کے لیے پولنگ کی تاریخ کا اعلان کرتا ہے۔

سپریم کورٹ میں ملک میں عام انتخابات 90 روز میں کرانے کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس اطہر من اللّٰہ اور جسٹس امین الدین خان پر مشتمل تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔

کئی مہینوں کے انتظار اور بے یقینی کے بعد الیکشن کمیشن اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گزشتہ روز انتخابات کی تاریخ پر اتفاق کر لیا تھا۔

یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی تھی جب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے سپریم کورٹ کے حکم پر ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی تھی جب عدالت عظمیٰ نے گزشتہ سماعت کے دوران انہیں صدر سے مشاورت کی ہدایت دی تھی۔

کل کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی نے عدالت کو بتایا تھا کہ حلقہ بندیوں کا عمل 29 جنوری تک مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد 11 فروری کو انتخابات ہوں گے۔

90 روز میں انتخابات کرانے سے متعلق درخواستوں پر آج سماعت کے دوران ‏تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر علی ظفر اور اٹارنی جنرل پیش ہوئے، اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ صدر اور الیکشن کمیشن کی ملاقات کی منٹس عدالت کو کچھ دیر میں فراہم کردیتے ہیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ٹھیک ہے پھر کیس کو آخر میں ٹیک اپ کر لیتے ہیں، ‏پہلے ہم روٹین کے مقدمات سن لیں، بعد میں انتخابات کیس سنیں گے۔

اس موقع پر سماعت میں کچھ دیر کے لیے وقفہ کر دیا گیا، وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوئی تو اٹارنی جنرل نے چیف الیکشن کمشنر کا انتخابات کی تاریخ سے متعلق خط عدالت میں پیش کرنے کے ساتھ ساتھ صدر مملکت اور الیکشن کمیشن وفد ملاقات کے منٹس بھی عدالت میں پیش کردیے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت میں پیش کیے گئے ریکارڈ پر صدر کے دستخط نہیں ہیں، صدر مملکت نے دستخط کیوں نہیں کیے، پہلے ان دستاویز پر صدر مملکت کے دستخط کروائیں، پھر آپ کو سنتے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اٹارنی جنرل صاحب، آپ حکومت کی نمائندگی کر رہے ہیں اور الیکشن کمیشن کے نمائندے بھی موجود ہیں، صدر مملکت کی طرف سے یہاں کوئی نہیں ہے اور آفیشلی دستخط بھی نہیں ہیں، صدر مملکت نے دستخط کیوں نہیں کیے۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ صدر مملکت نے اپنی رضا مندی کا لیٹر الگ سے دیا ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ صدر مملکت کی رضا مندی کا خط کہا ہے، ایوان صدر یہاں سے کتنا دور ہے، ہم ایسے نہیں چھوڑیں گے، صدر مملکت کی آفیشلی تصدیق ہونی چاہیے۔

ان ریمارکس کے ساتھ ہی چیف جسٹس نے صدر مملکت کے دستخط ہونے تک سماعت میں وقفہ کردیا۔

وقفے کے بعد سماعت شروع ہوئی تو اٹارنی جنرل نے عام انتخابات 8 فروری کو کرانے سے متعلق الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن عدالت میں پیش کیا، نوٹی فکیشن الیکشن ایکٹ کی دفعہ 217 تحت جاری ہوا ہے، عدالت میں پیش کیے گئے نوٹی فکیشن پر 3 نومبر کی تاریخ درج ہے۔

اٹارنی جنرل نے الیکشن کمیشن کا جاری کردہ نوٹی فکیشن عدالت میں پڑھ کر سنایا جس کے بعد چیف جسٹس نے حکمنامہ لکھوانا شروع کیا۔

حکمنامے میں کہا گیا کہ 2 نومبر 2023 کی ملاقات کے بعد انتخابات کی تاریخ پر اتفاق کیا گیا، قومی اسمبلی وزیراعظم کی ایڈوائس پر تحلیل کی گئی یہ تسلیم شدہ حقیقت ہے، قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد صدر اور الیکشن کمیشن کے مابین اختلاف ہوا، چاروں صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز نے حکمنامے پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔

اس میں کہا گیا ہے کہ صدر نے خط میں لکھا کہ الیکشن کمیشن صوبائی حکومتوں سے مشاورت کر کے تاریخ کا اعلان کرے، صدر کے اس خط پر الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا، سپریم کورٹ کا تاریخ دینے کے معاملے پر کوئی کردار نہیں، صدر مملکت اعلیٰ عہدہ ہے، حیرت ہے کہ صدر مملکت اس نتیجے پر کیسے پہنچے۔

حکم کے مطابق تاریخ دینے کا معاملہ سپریم کورٹ یا کسی اور عدالت کا نہیں، صدر مملکت کو اگر رائے چاہیے تھی تو 186 آرٹیکل کے تحت رائے لے سکتے تھے، ہر آئینی آفس رکھنے والا اور آئینی ادارہ بشمول الیکشن کمیشن اور صدر آئین کے پابند ہیں۔

حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے کہا کہ آئین کی خلاف ورزی کے سنگین نتائج ہوتے ہیں، آئین پر عملداری اختیاری نہیں، صدر مملکت اور الیکشن کمیشن کی وجہ سے غیر ضروری طور پر معاملہ سپریم کورٹ آیا، سپریم کورٹ آگاہ ہے ہم صدر اور الیکشن کمیشن کے اختیارات میں مداخلت نہیں کر سکتے۔

اس میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہ کرنے پر پورا ملک تشویش کا شکار ہوا، یہ باتیں کی گئیں کہ ملک میں انتخابات کبھی نہیں ہوں گے، یہ آئین کی اسکیم ہے کہ سپریم کورٹ کو یہ اختیار نہیں ہے، سپریم کورٹ صرف سہولت کار کے طور پر صدر مملکت اور الیکشن کمیشن کے درمیان مشاورت کا کہہ سکتی ہے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ یہ عدالت صرف یہ کہہ سکتی ہے کہ ہر ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں، صدر مملکت یا الیکشن کمیشن دونوں ہر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، انتخابات کے سازگار ماحول پر بہتری ہر شہری کا بنیادی حق ہے، یہ ذمہ داری اُن پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے یہ حلف اُٹھا رکھا ہے، چیف الیکشن کمشنر، ممبران اور صدرمملکت حلف لیتے ہیں عوام کو صدر مملکت یا الیکشن کمیشن آئین کی عملداری سے دور نہیں رکھ سکتے۔

حکمنامے میں عدالت عظمیٰ نے کہا کہ حادثاتی طور پر پاکستان کی تاریخ میں پندرہ سال آئینی عملداری کا سوال آیا، اب وقت آ گیا ہے کہ ہم نہ صرف آئین پر عمل کریں بلکہ ملکی آئینی تاریخ کو دیکھیں، آئینی خلاف ورزی کا خمیازہ ملکی اداروں اور عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔

اس میں کہا گیا ہے کہ عدالتوں کو ایسے معاملات کا جلد فیصلہ کرنا پڑے گا، قومی اسمبلی اس وقت تحلیل ہوئی جب وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد آئی، وزیراعظم کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار نہیں تھا، اس وقت کے وزیراعظم نے اسمبلی تحلیل کر کے آئینی بحران پیدا کر دیا، اسمبلی تحلیل کیس میں ایک جج نے کہا کہ صدر مملکت پر پارلیمنٹ آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کرے۔

حکمنامے کے مطابق عجیب بات ہے صدر مملکت نے وہ اختیار استعمال کیا جو ان کا نہیں تھا، عوام پاکستان حقدار ہیں کہ ملک میں عام انتخابات کروائے جائیں، ہم محسوس کر رہے ہیں کہ ہمارا کردار صرف سہولت کاری کا ہے، ‏انتخابات کا معاملہ تمام فریقین کی رضامندی سے حل ہو چکا ہے، 8 فروری کو عام انتخابات کی تاریخ پر اتفاق ہوا ہے۔

سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ ‏آئین پر شب خون مارنے کی تاریخ سے سیکھنا ہوگا کہ اِس کے عوام اور ملکی جغرافیائی حدود پر منفی اثرات پڑے، صدر مملکت اور الیکشن کمیشن کے درمیان ملاقات کرانے کے لیے اٹارنی جنرل نے کردار ادا کیا اور معاملہ حل ہو گیا۔

اس میں کہا گیا کہ اٹارنی جنرل نے صدر مملکت کے سیکریٹری کا خط عدالت میں پیش کیا، صدر مملکت کے خط میں کہا گیا کہ عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے، الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کے بعد الیکشن شیڈول جاری کرے گا، شیڈول دیں تاکہ لوگوں کو پتا تو چلے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ آج سے پندرہ سال قبل 3 نومبر 2007 کو آئین کی خلاف ورزی ہوئی، چاروں صوبوں اور اسلام کی طرف سے ملک کے لا افسران نے نمائندگی کی، تمام لا افسران نے انتخابی تاریخ پر کوئی اعتراض نہیں کیا، توقع ہے کہ تمام تیاریاں مکمل کرکے الیکشن کمیشن شیڈول جاری کرے گا۔

حکمنامے میں کہا گیا کہ اٹارنی جنرل نے بھی 8 فروری کو عام انتخابات کے انعقاد پرکوئی اعتراض نہیں کیا، صدر مملکت اور الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے پورے ملک کی تاریخ دے دی، وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں نے اتفاق کیا کہ انتخابات کا انعقاد بغیر کسی خلل کے ہو گا، انتخابات ان شااللہ 8 فروری کو ہوں گے، ہم نے انتخابات کے انعقاد کے لیے سب کو پابند کر دیا، کوئی رہ تو نہیں گیا۔

حکمنامے کے مطابق چیف جسٹس نے کہا کہ درخواست گزار منیر احمد ایک مشکوک شخصیت ہیں، ان پر بہت سے سوالات ہیں، جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کو پتا ہے ہم نے کیسے عملدرآمد کروانا ہے۔

حکمنامے میں چیف جسٹس نے کہا کہ میڈیا پر انتخابات کے حوالے سے مایوسی پھیلانے پر اٹارنی جنرل پیمرا کے ذریعے کارروائی کروائیں، اگر میں زندہ رہا تو میں بھی یہ ہی کہوں گا، اگر کسی سے فیصلے نہیں ہو پا رہے تو وہ گھر چلا جائے، اگر میڈیا نے شکوک شبہات پیدا کیے تو وہ بھی آئینی خلاف ورزی کریں گے، آزاد میڈیا ہے ہم ان کو بھی دیکھ لیں گے۔

اس میں چیف جسٹس نے کہا کہ کہیں ایسا نہ ہو شام کو ٹی وی پہ یہ خبر چلے کہ پتا نہیں کہ انتخابات ہوں گے یا نہیں، میڈیا میں انتخابات نہ ہونے کی خبریں چلنے سے عوامی رائے متاثر ہوتی ہے، انتخابات کے انعقاد سے متعلق شکوک و شبہات والی منفی خبریں چلیں تو پیمرا کارروائی کے لیے موجود ہے۔

حکمنامے کے مطابق چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ انتخابات کی تاریخ ہم نے دی ہے، اظہار رائے سے متعلق آرٹیکل 19 تو موجود ہے لیکن آئین پر عمل داری بھی ہر شہری پر فرض ہے، ان شااللہ ہر کوئی اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے گا۔

اس طرح سپریم کورٹ نے 90 دن انتخابات کیس میں اپنا حکم نامہ لکھواتے ہوئے ساتھ تمام درخواستیں نمٹا دیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024