• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm

ٹھٹہ واٹر سپلائی کرپشن کیس میں سابق صدر آصف زرداری طلب

شائع November 2, 2023
ریفرنس میں الزام لگایا گیا کہ ملزمان نے غیر قانونی طور پر پرائیویٹ کنٹریکٹرز کو مختلف ٹھیکے دیے—فائل فوٹو / اے پی
ریفرنس میں الزام لگایا گیا کہ ملزمان نے غیر قانونی طور پر پرائیویٹ کنٹریکٹرز کو مختلف ٹھیکے دیے—فائل فوٹو / اے پی

سپریم کورٹ کی جانب سے احتساب عدالتوں کو کرپشن ریفرنسز پر کارروائی جاری رکھنے کی منظوری دینے کے ایک روز بعد احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق صدر مملکت، پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری اور حکومت سندھ کے سابق سیکریٹری اعجاز احمد خان کو ٹھٹہ واٹر سپلائی کیس میں طلب کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ کیس ان درجنوں ریفرنسز میں شامل تھا جنہیں سابق وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں بننے والی پی ڈی ایم اتحاد کی مخلوط حکومت کی جانب سے قومی احتساب آرڈیننس (این اے او) میں ترمیم کے بعد احتساب عدالتوں سے منتقل کردیا گیا تھا۔

پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے متعارف کردہ نیب ترامیم کو سپریم کورٹ نے 15 ستمبر کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔

آصف زرداری اور اعجاز خان کے علاوہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے واٹر سپلائی اسکیم سے متعلق خریداری کی ذمہ دار کمیٹی کے سربراہ حسن علی میمن کو بھی پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

عدالت کی جانب سے طلب کیے گئے دیگر افراد میں اومنی گروپ کے سی ای او خواجہ عبدالغنی مجید، مناہل مجید اور دیگر نو افراد بھی شامل جنہیں 15 دسمبر کو پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔

ریفرنس میں الزام لگایا گیا کہ ملزمان نے غیر قانونی طور پر پرائیویٹ کنٹریکٹرز کو مختلف ٹھیکے دیے۔

رواں سال کے شروع میں احتساب عدالت نے اس کیس پر کارروائی روک دی تھی کیونکہ ترمیم شدہ نیب آرڈیننس کے باعث اس کا دائرہ اختیار کم ہو گیا تھا اور یہ ریفرنس واپس نیب کو بھیج دیا تھا۔

عدالت نے نیب کو ریفرنس متعلقہ فورم کو بھجوانے کا حکم دیا۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024