شیل، سعودی کمپنی کو پاکستانی یونٹ فروخت کرنے کو تیار
شیل پاکستان نے کہا ہے کہ اس کی پیرنٹ کمپنی کے یونٹ شیل پیٹرولیم کمپنی نے سعودی عرب کی فرم وافی انرجی کے ساتھ مقامی آپریشن فروخت کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق شیل پیٹرولیم کمپنی کے مطابق توقع ہے کہ ریگولیٹری منظوری ملنے پر 2024 کی چوتھی سہ ماہی تک فروخت کا عمل مکمل ہوجائے گا۔
جون میں شیل پیٹرولیم کمپنی نے بتایا تھا کہ وہ اپنے 77 فیصد شیئر ہولڈنگ بیچ کے پاکستان سے چلی جائے گی۔
یہ قدم شیل کے اپنے عالمی آپریشن کے حوالے سے متعدد اعلانات اور شیل پاکستان (ایس پی ایل) کے 2022 میں شرح تبادلہ، پاکستانی روپے کی قدر میں کمی، واجب الادا وصولیوں میں ہونے والے نقصانات اور ملک کے مالی بحران اور اقتصادی سست روی کے بعد سامنے آیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری نوٹس میں شیل پاکستان نے کہا کہ ’شیل پاکستان لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو 14 جون 2023 میں ہونے والے بورڈ اجلاس میں شیل پیٹرولیم کمپنی (ایس پی کو) نے ایس پی ایل میں اپنی شیئر ہولڈنگ فروخت کرنے کے ارادے سے آگاہ کیا تھا۔‘
نوٹس میں مزید بتایا گیا کہ ’اس اعلان کا ایس پی ایل کی موجودہ کاروباری کارروائیوں پر اثر نہیں پڑے گا، وہ جاری رہیں گی۔‘
وافی انرجی پوری طرح سے اسیاد ہولڈنگ گروپ کی ملکیت ہے جو سعودیہ میں ایندھن کا ریٹیلر ہے۔
شیل کمپنی پاکستان کے آپریشن میں 600 سے زائد نقل و حرکت پر مبنی تنصیبات، 10 ایندھن کے ٹرمینل، ایک چکنا کرنے والا تیل کا پلانٹ اور پاک عرب پائپ لائن کمپنی لمیٹڈ کے 26 فیصد شیئر ہولڈنگ شامل ہے۔