• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’ڈپریشن مذہب دوری سے نہیں ہوتا‘، شوبز شخصیات کا طارق جمیل کے بیٹے کے انتقال پر اظہار افسوس

شائع October 31, 2023
فائل فوٹو: انسٹاگرام
فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ زارا نور عباس نے نامور عالم دین مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل کی خودکشی کی خبر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب ہمیں سمجھ جانا چاہیے کہ ڈپریشن دین سے دوری نہیں ہے اور مولانا طارق جمیل کے بیٹے اس کی ایک مثال ہیں۔

واضح رہے کہ 29 اکتوبر کو صوبہ پنجاب کے ضلع خانیوال کے علاقے تلمبہ میں مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئے تھے۔

مولانا طارق جمیل نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر 29 اکتوبر کی شب بیٹے کے انتقال کی تصدیق کی تھی۔

بعد ازاں مرحوم کے بڑے بھائی مولانا یوسف جمیل نے ویڈیو پیغام میں عاصم جمیل کی خودکشی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میرا بھائی عاصم جمیل بچپن سے شدید ڈپریشن کا مریض تھا۔‘

انہوں نے کہا تھا کہ عاصم جمیل کی بیماری میں پچھلے 6 ماہ سے شدت آگئی تھی، بیماری کو کنٹرول کرنے کے لیے عاصم کو الیکٹرک شاک لگائے جارہے تھے لیکن الیکٹرک شاک دینے سے بھی کوئی افاقہ نہیں ہوا۔

مولانا طارق جمیل کے بیٹے کے انتقال پر گزشتہ روز صبا قمر، احمد علی بٹ سمیت متعدد اداکاروں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعا کی تھی۔

بعدازاں اداکارہ زارا نور عباس نے انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ ’وہ تمام لوگ جو کہتے ہیں کہ ڈپریشن دین سے دوری کی وجہ سے ہوتا ہے، براہ کرم مولانا طارق جمیل کے بیٹے کی مثال لیں جو ڈپریشن میں مبتلا تھے حالانکہ ان کے والد مذہبی اسکالر ہیں اور ان کے گھر میں بھی مذہبی سرگرمیاں ہوتی ہوں گی۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’ہمیں سمجھنا چاہیے کہ ڈپریشن کسی بھی دوسری بیماری کی طرح ایک حقیقی بیماری ہے، اس سے انسان بُری طرح متاثر ہوتا ہے، براہ کرم اگر اس بیماری میں کوئی مبتلا ہے تو کسی دوسرے انسان کی مدد ضرور لیں۔‘

زارا نور عباس نے مولانا طارق جمیل کے بیٹے کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اللہ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ نصیب فرمائے اور آخرت میں سکون عطا فرمائے۔‘

اس کے علاوہ انوشے اشرف نے بھی انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں امید کرتی ہوں کہ وہ اداکار جو یہ تجویز کرتے ہیں کہ ڈپریشن اللہ سے دوری کا نتیجہ ہے، انہیں احساس ہوگیا ہوگا یہ طبی مسئلہ ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ اگرچہ زندگی کے مختلف مسائل اللہ سے دوری کی وجہ سے ہوسکتے ہیں، میں آپ لوگوں کا نقطہ نظر سمجھ گئی ہوں لیکن ڈپریشن ایک حقیقی بیماری ہے، یہ اللہ سے دوری کے بارے میں نہیں ہے، اس بیماری سے انسان بہت زیادہ بیمار ہوجاتا ہے۔’

انوشے اشرف مولانا طارق جمیل کے بیٹے کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات بلند کرنے کی دعا بھی کی۔

اس کے علاوہ اداکارہ مومل اور سمیع خان نے بھی مولانا طارق جمیل کے بیٹے کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعا کی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024