• KHI: Maghrib 5:44pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:27pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:30pm
  • KHI: Maghrib 5:44pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:27pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:30pm

سبی ہرنائی ٹرین سروس 18 سال بعد بحال

شائع October 30, 2023
نگران وزیر اعلی بلوچستان اور وزیر ریلوے نے سبی ہرنائی ریلوے ٹریک کا افتتاح کیا— فوٹو: پاکستان ریلوے/ایکس
نگران وزیر اعلی بلوچستان اور وزیر ریلوے نے سبی ہرنائی ریلوے ٹریک کا افتتاح کیا— فوٹو: پاکستان ریلوے/ایکس

پاکستان ریلوے نے سبی ہرنائی سیکشن میں دوبارہ ٹرین سروس کا آغاز کر دیا، 2005 میں عسکریت پسندوں کی جانب سے اہم پل اور ریلوے ٹریکس تباہ کرنے کی وجہ سے 18 سال پہلے اس ٹرین سروس کو معطل کردیا گیا تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے نگران وزیر اعلیٰ میر علی مردان ڈومکی اور نگران وزیر برائے ریلوے، مواصلات اور سمندری امور شاہد اشرف تارڑ نے سبی ریلوے اسٹیشن پر ٹرین سروسز کا افتتاح کیا۔

سبی اور ہرنائی کے شہریوں کے پر زور مطالبے پر پاکستان ریلوے نے سیکیورٹی فورسز کی مدد سے ریلوے پل اور نئے ریلوے ٹریکس بنانے کا کام شروع کیا تھا۔

سبی اور ہرنائی میں سڑکوں کے درمیان زمینی رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے دونوں شہر کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

شاہد اشرف تارڑ نے سبی ہرنائی ٹرین کا افتتاح کرتے وقت اعلان کیا کہ کوئٹہ تا کراچی جانے والی بولان میل بھی 25 دسمبر سے دوبارہ بحال ہوجائے گی۔

افتتاحی تقریب میں بات کرتے ہوئے نگران وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ صوبے کی نگران حکومت اور وفاقی حکومت لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنے کی خواہاں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سبی ہرنائی ٹرین سروسز کی 18 سال بعد بحالی نے مقامی لوگوں کی ایک بڑی پریشانی دور کر دی، جس کا سامنا انہیں 18 سال سے سبی اور ہرنائی کے درمیان سڑک نہ ہونے کی وجہ سے تھا، اور اب وہ کم کرائے پر ٹرین میں سفر کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سبی اور اس سے ملحقہ علاقے کے لوگ اب ہرنائی سے تازہ سبزیاں اور پھل خرید سکیں گے کیونکہ ہرنائی اس علاقے کی پھلوں کی ٹوکری ہے اور اس کا مثبت اثر ٹرین کی مقامی معیشت پر بھی پڑے گا’، ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹرین سروس کی بحالی سے نہ صرف لوگوں کو نقل و حمل کی بہتر سہولیات میسر ہوں گی بلکہ اس کی بحالی سے مقامی لوگوں کے لیے ملازمت کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت بلوچستان کے لوگوں میں موجود احساس محرومی کم کرنے کیے کوشاں ہے۔

نگران وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ عوام اور مختلف اداروں کی اجتماعی کوششوں کی وجہ سے ٹرین کی سہولت دوبارہ بحال ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ تا کراچی بولان سروس 25 دسمبر کو بحال ہوجائے گی۔

انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ آنے والے دنوں میں سبی سے ہرنائی تک مسافر ٹرین بھی چلائی جائے گی، ساتھ میں یہ بھی بتایا کہ اکبر بگٹی ٹرین سروس کے دوبارہ شروع ہونے کے عمل میں ابھی مزید کچھ وقت درکار ہے۔

انہوں نے لوگوں کویقین دہانی کروائی کہ آج سے بحال ہونے والی ٹرین کی سہولت کو کسی بھی حالت میں بند نہیں کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 17 نومبر 2024
کارٹون : 16 نومبر 2024