• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm

امریکی ریاست فلوریڈا میں فائرنگ کا واقعہ، 2 افراد ہلاک، 18 زخمی

شائع October 30, 2023
ٹمپا شہر میں فائرنگ کے واقعے کے بعد سڑک بند کردی گئی — فوٹو: اے ایف پی
ٹمپا شہر میں فائرنگ کے واقعے کے بعد سڑک بند کردی گئی — فوٹو: اے ایف پی

امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر ٹمپا میں اتوار کی صبح ہالووین تہوار کے دوران کلبز اور بارز کے اطراف میں فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ افراتفری کے عالم میں لوگوں کا ہجوم درجنوں گولیوں کی آواز کے ساتھ سڑکوں پر دوڑ رہا ہے، ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس سڑک کنارے زخمیوں کی مدد کرنے کے لیے دوڑ رہی ہے۔

یہ تصاویرگزشتہ برس سیول میں ہیلووین تہوار کے دوران بھگدڑ مچنے سے تقریبا 160 لوگوں کی ہلاکت کی غمگین یاد دہانی کے طور پر سامنے آئی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ تاریخی شہر یبور کے پڑوس میں صبح 3 بجے کے قریب 2 گروپوں کے درمیان لڑائی شروع ہوئی، جہاں سیکڑوں لوگ سڑکوں پر جمع تھے۔

جیسے ہی فائرنگ شروع ہوئی لوگ اپنی جانیں بچانے کے لیے بھاگے اور کلبز اور بارز بند کردیے گئے۔

ٹمپا پولیس کی رپورٹ کے مطابق ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دو گروپوں کے درمیان تصادم فائرنگ تک بڑھ گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص موقعے پر ہی ہلاک ہوگیا، اور 19 زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس نے مزید بتایاکہ ایک اور متاثرہ شخص کی موت ہسپتال میں واقع ہو ئی، ٹمپا پولیس چیف لی برکاؤ کا کہنا تھا کہ ہمارے تفتیشی افسران واقعے کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہچانے کے لیے پر عزم ہیں۔

بعدازاں ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ پولیس کی جانب سے دیگر مشتبہ حملہ آور وں کی تلاش جاری ہے۔

واضح رہے کہ 26 اکتوبر کو امریکی ریاست مین کے شہر لیوسٹن میں پیش آئے فائرنگ کے واقعے میں کم از کم 22 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

اس سے قبل جولائی میں بھی امریکی ریاست ٹیکساس کے علاقے فورٹ ورتھ میں مقامی میلے کے انعقاد کے بعد ہونے والی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے تھے۔

ٹیکساس میں اس سے قبل 30 اپریل کو مسلح شخص نے ایک گھر میں 8 سالہ بچے سمیت 5 افراد کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔

اس سے پہلے امریکی ریاست الاباما میں نوجوان کی سالگرہ کی تقریب میں فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

اپریل میں ہی امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سکرامنٹو میں صبح ایک عوامی مقام پر فائرنگ کے واقعے میں میں 6 افراد ہلاک اور دیگر 10 زخمی ہو گئے تھے۔

گن وائلنس آرکائیو کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں گزشتہ طویل عرصے سے فائرنگ کے واقعات کا سلسلہ جاری ہے، رواں برس جولائی تک عوامی مقامات میں فائرنگ کے 340 واقعات رپورٹ ہوئے۔

اس سے قبل فلاڈیلفیا میں پیش آنے والے فائرنگ کے ایک اور واقعے میں 5 افراد مارے گئے تھے اور 2 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

فلاڈیلفیا میں فائرنگ سے ایک روز قبل میری لینڈ کے علاقے بالٹیمور میں بھی اسی طرح کا واقعہ پیش آیا تھا اور اس میں 2 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 15 نومبر 2024
کارٹون : 14 نومبر 2024