• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

مولانا طارق جمیل کا بیٹا عاصم جمیل گولی لگنے سے جاں بحق

شائع October 29, 2023

صوبہ پنجاب کے ضلع خانیوال کے علاقے تلمبہ میں معروف عالم دین طارق جمیل کے بیٹے مولانا عاصم جمیل گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئے۔

مولانا طارق جمیل کے ایکس(ٹوئٹر) کے اکاؤنٹ پر ان کے بیٹے کی موت کی تصدیق کردی گئی۔

ٹوئٹر پر پوسٹ میں کہا گیا کہ آج تلمبہ میں میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے اور اس حادثاتی موت نے ماحول کو سوگوار بنا دیا، آپ سب سے گزارش ہے کہ اس غم کے موقع پر ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

ڈی ایس پی میاں چنوں محمد سلیم نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مولانا طارق جمیل کا بیٹا گولی لگنے سے جاں بحق ہوا اور گولی مولانا عاصم جمیل کے سینے میں لگی۔

عاصم جمیل کو تشویشناک حالت میں تلمبہ رورل ہیلتھ سینٹر پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

ڈی ایس پی میاں چنوں کا کہنا ہے کہ عاصم جمیل کی خودکشی کی وجہ سامنے نہ آ سکی۔

ریجنل پولیس آفیسر ملتان سہیل چوہدری نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عاصم نے گھر میں موجود جم میں خود کو گولی ماری ہے اور یہ گولی ان کو سینے میں لگی۔

آر پی او نے دعویٰ کیا کہ انہیں اہل خانہ نے بتایا کہ ڈاکٹر عاصم نے خود کشی کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈی پی او جائے حادثہ پر پہنچ رہے ہیں اور واقعے کی ابتدائی تحقیقات جاری ہیں۔

بعدازاں آر پی او سہیل چوہدری نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں عاصم جمیل کو خود کو سینے میں گولی مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، ہم نے فوٹیج کو تحویل میں لے لیا ہے اور اسے فرانزک تجزیے کے لیے بھیج رہے ہیں۔

دوسری جانب خاندانی ذرائع کے مطابق مولانا عاصم جمیل کی موت گن صاف کرتے اچانک گولی چلنے سے ہوئی ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پولیس کے دعووں کے برعکس مولانا طارق جمیل کی ٹوئٹر پوسٹ میں بھی واقعے کو حادثہ قرار دیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ شواہد اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں موت کی وجوہات کا تعین کیا جائے۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی پی او خانیوال اور جائے حادثہ پر موجود دیگر سینئر پولیس افسران نے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔

معروف سیاسی اور سماجی شخصیات نے بیٹے کے انتقال پر مولانا طارق جمیل سے تعزیت کی۔

سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مولانا طارق جمیل صاحب اور ان کے اہل خانہ سے جواں سال فرزند عاصم جمیل کی وفات پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔

انہوں نے مرحوم کے بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثے پر ہم سب آپ کے غم میں شریک ہیں، یقیناً یہ ایک ناقابل برداشت غم ہے اور ہماری دعائیں اور ہمدردیاں آپ کے ساتھ ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے بھی مولانا طارق جمیل سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے فرزند کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار. کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

اسپیکر نے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں وہ مرحوم کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ تعالیٰ مولانا طارق جمیل اور ان کے اہلخانہ کو اس مشکل گھڑی میں صبروجمیل عطا فرمائیں۔

مولانا طارق جمیل کے تین صاحبزادے ہیں جن میں سے دوسرے نمبر کے صاحبزادے عاصم جمیل کی عمر 32سال تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024