• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

لوگوں سمیت معزز شوبز شخصیات نے والد پر تنقید کے مشورے دیے، اذان سمیع خان

شائع October 27, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

معروف گلوکار، موسیقار اور اداکار اذان سمیع خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں نہ صرف عام افراد بلکہ شوبز کی معزز شخصیات نے بھی شہرت حاصل کرنے کے لیے والد پر تنقید کا مشورہ دیا۔

اذان سمیع خان معروف گلوکار عدنان سمیع خان کے بیٹے ہیں، جنہوں نے 2015 میں پاکستانی شہریت چھوڑ کر بھارتی شہریت قبول کی تھی اور اب وہ وہیں مقیم ہیں۔

اذان سمیع خان کی والدہ معروف اداکارہ زیبا بختیار ہیں جنہوں نے تنہا بیٹے کی پرورش کی۔

اذان سمیع خان اپنے والدین کی اکلوتی اولاد ہیں اور وہ ماضی میں بھی والدین سے اپنے تعلقات پر بات کرتے رہے ہیں، کچھ عرصہ قبل بھی انہوں نے ایک پوڈکاسٹ میں کہا تھا کہ ان کے والد کے ساتھ اچھے تعلقات نہیں رہے تھے۔

اب انہوں نے احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں ایک بار پھر والد اور والدہ سمیت اپنی گھریلو زندگی پر کھل کر بات کی اور یہ بھی بتایا کہ انہیں موسیقی تیار کرنے اور گلوکاری میں سے کون سی چیز زیادہ پسند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موسیقی کو سنتے ہوئے ان کی پرورش ہوئی، وہ سازوں کے ساتھ پلے بڑھے لیکن انہیں نہ صرف گلوکاری اور موسیقی بلکہ اداکاری بھی پسند ہے۔

اذان سمیع خان کے مطابق انہیں ہر وہ چیز پسند ہے جو فلمی ہو، یعنی ہر وہ کام جسے کرنے میں انہیں مزہ آتا ہو اور وہ آسانی اور خوش دلی سے اسے سر انجام دیں۔

انہوں نے موسیقی سے اپنی انسیت پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ جب ان کے والدین کے درمیان طلاق ہوئی تو وہ خوف سے گھر میں موسیقی نہیں سنتے اور بجاتے تھے۔

ان کے مطابق انہیں یہ خوف رہتا تھا کہ کہیں موسیقی سن کر ان کی والدہ کو تکلیف نہ ہو اور وہ انہیں ڈانٹ نہ دیں لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔

اذان سمیع نے بتایا کہ حیران کن طور پر ان دنوں میں والدہ انہیں دوسری موسیقی کے بجائے اپنے والد کے گانے سننے کے مشورے دیتی تھیں اور ان کے گیتوں پر ان سے باتیں کرتی تھیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ والدہ نے انتہائی احسن انداز میں ان کی تربیت کی، انہوں نے ہمیشہ اور آج تک ان کے لیے ہر چیز قربان کی اور ہر وقت ان کے ساتھ رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ والدہ کی جانب سے موسیقی سننے اور تیار کرنے کی ہمت افزائی سمیت قریبی دوستوں نے بھی انہیں کم عمری میں ہی موسیقی پر توجہ دینے کی باتیں کہیں،جس وجہ سے وہ موسیقی کے قریب ہوتے گئے۔

اذان سمیع خان نے والد سے تعلقات اور لوگوں کے رویوں پر بھی کھل کر بات کی اور کہا کہ دیگر افراد کو چھوڑیں شوبز کے لوگ بھی ان کے والد سے تعلقات پر چہ مگوئیاں کرتے رہتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شوبز کی دنیا کے لوگ چہ مگوئیاں کرتے رہتے ہیں کہ وہ والد سے ملتے ہوں گے یا نہیں، ان سے رابطے میں ہیں یا نہیں اور اگر ملتے ہوں گے تو ایک دوسرے سے کیا کہتے ہوں گے؟

گلوکار نے حیران کن انکشاف کیا کہ لوگوں کو یہ امید رہتی ہے کہ وہ اپنے والد کے خلاف بات کریں گے۔

اذان سمیع خان کے مطابق انہیں دوسرے لوگوں سمیت شوبز کی معزز شخصیات نے بھی والد پر تنقید کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ تم بھارت اور والد پر بات کروگے تو مشہور ہوجاؤگے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ کس طرح اپنے والد کے خلاف بات کر سکتے ہیں؟ وہ کہیں بھی ہیں، کون بھی ہیں، ان کے والد ہیں، وہ ان پر کیوں تنقید کریں؟

انہوں نے بتایا کہ بطور بیٹا وہ کبھی اپنے والد یا والدہ پر تنقید نہیں کریں گے، وہ آج جو کچھ بھی ہے، والدین کی وجہ سے ہے اور انہیں فخر ہے کہ ان کی رگوں میں اپنے معروف والدین کا خون دوڑ رہا ہے۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ ان کی پرورش اور تربیت ہی ایسی نہیں کہ وہ اپنے والد پر تنقید کریں، وہ بھلے بھارتی ہوں لیکن ان کے والد ہیں اور ان کے خلاف بات نہیں کر سکتے۔

اذان سمیع خان کا کہنا تھا کہ بطور بیٹا وہ والدین سے کسی بھی ناخوشگوار مسئلے پر بات کر سکتے ہیں لیکن ان پر تنقید نہیں کر سکتے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024