• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’صلاح الدین ایوبی‘ کیلئے پاکستانی اداکاروں کے آڈیشن لیے جانے پر ژالے سرحدی نالاں

شائع October 26, 2023
— فائل فوٹو: انسٹاگرام
— فائل فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان اور ترکیہ کے نجی پروڈکشن ہاؤسز کے اشتراک سے بنائے جانے والے میگا بجٹ اور میگا کاسٹ پر مبنی تاریخی ڈرامے ’صلاح الدین ایوبی‘ کے لیے پاکستان سے فنکاروں کے آڈیشن لیے جانے اور ممکنہ طور پر انہیں سلیکٹ نہ کیے جانے پر اداکارہ ژالے سرحدی نے واضح طور پر کسی کا نام لیے بغیر تنقید کردی۔

تاریخی ڈرامے ’صلاح الدین ایوبی‘ کے ڈرامے کو دسمبر 2021 میں بنانے کا اعلان کیا گیا تھا اور اعلان کے تقریباً تین سال بعد 23 اکتوبر کو اس کا مختصر ٹیزر سامنے آیا تھا۔

ٹیزر سامنے آنے کے بعد ژالے سرحدی نے ڈرامے کی کاسٹ کے لیے سلیکشن پروسیجر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مبہم انداز میں کسی کا نام لیے بغیر سوال پوچھا ہے کہ پروجیکٹ کے لیے لوگوں کو منتخب کرنے کے بعد ان سے رابطہ کیوں نہیں کیا گیا؟

انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری پر ڈرامے کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں سوچ رہی ہوں کہ اس پروجیکٹ کے لیے آڈیشن کیوں لیے گئے تھے جس میں بہت غور و فکر کے بعد لوگوں کو ’سلیکٹ‘ کیا گیا۔‘

انہوں نے کہا کہ تقریب کے دوران یا واٹس گروپ پر لوگوں کو آگاہ کیا گیا کہ آپ پروجیکٹ کے لیے منتخب ہوچکے ہیں، یہاں تک کہ آڈیشن کے بعد انہیں ’گولڈن ٹکٹ‘ بھی دے دیے گئے تھے لیکن انہیں اس پروجیکٹ میں شامل نہیں کیا گیا، اس فیصلے کے حوالے سے بھی لوگوں کو وضاحت دی گئی نہ کوئی رابطہ کیا گیا۔

تاریخی ڈراما سیریز پاکستان اور ترکیہ کے نجی پروڈکشن ہاؤسز کے اشتراک سے بنایا گیا ہے، جس میں اداکار ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی پروڈیوسرز میں شامل ہیں جبکہ صلاح الدین ایوبی کا کردار ترک اداکار اغور غنيش (Uğur Güneş) کر رہے ہیں۔

ڈرامے کی کاسٹ کے لیے پاکستان اور ترکیہ میں آڈیشن لیے گئے تھے، دسمبر 2021 میں پاکستان میں لیے گئے آڈیشنز میں 6 ہزار اداکاروں نے حصہ لیا تھا، جس میں سے محض چند اداکاروں کو کاسٹ کیا گیا تھا۔

تاہم کچھ روز قبل جب عدنان صدیقی نے ڈرامے کا مختصر ٹیزر جاری کیا تو انہوں نے اس تاثر کو مسترد کردیا تھا کہ وہ ڈرامے میں مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے، تاہم بتایا تھا کہ وہ کچھ اقساط میں مختصر کردار ادا کرتے دکھائی دے سکتے ہیں۔

اسی طرح خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عدنان صدیقی کو بھی معاون کردار کے روپ میں دیکھا جاسکے گا لیکن اس حوالے سے مصدقہ طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ترکیہ میں مذکورہ ڈرامے کو ترک زبان میں نشر کرنے کے بعد اسے پاکستان میں اردو زبان میں پیش کیا جائے گا جب کہ اسے انگریزی اور عربی زبان میں بھی ترجمہ کرکے مختلف اسٹریمنگ ویب سائٹس پر ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

صلاح الدین ایوبی کو پاکستان میں کب تک نشر کیا جائے گا اس حوالے سے بھی واضح تصدیق نہیں ہوسکی، عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ ڈرامے کو پہلے ترک ٹی وی چینل ’ٹی آر ٹی ون‘ پر دکھایا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024