• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے ریکارڈز کے انبار لگا دیے

شائع October 25, 2023 اپ ڈیٹ October 26, 2023
میکسویل نے صرف 40 گیندوں پر سنچری بنائی، جس میں 8 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے— فوٹو: اے ایف پی
میکسویل نے صرف 40 گیندوں پر سنچری بنائی، جس میں 8 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے— فوٹو: اے ایف پی

ورلڈ کپ 2023 میں آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 309 رنز سے شکست دینے کے ساتھ ساتھ نت نئے ریکارڈز بھی قائم کر دیے۔

آسٹریلیا نے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 399 رنز بنائے جس کا سہرا لگاتار دوسری سنچری بنانے والے ڈیوڈ وارنر اور بالخصوص گلین میکسویل کے سر رہا جنہوں نے تیز ترین سنچری بنا ڈالی۔

یہ آسٹریلیا کا ورلڈ کپ میں دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے جہاں اس سے قبل انہوں نے 2015 ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف 6 وکٹوں کے نقصان پر 417 رنز بنائے تھے البتہ یہ بھارتی سرزمین پر آسٹریلیا کا اب تک کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔

ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم صرف 90 رنز پر ڈھیر ہو گئی جس کی بدولت آسٹریلیا نے میچ میں 309 رنز کی فتح اپنے نام کر لی جو ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے بڑی فتح ہے۔

اس سے قبل بھی ورلڈ کپ میں سب سے بڑی فتح کا اعزاز آسٹریلیا کے پاس تھا جس نے 2015 ورلڈ کپ میں افغانستان کو 275 رنز سے مات دی تھی۔

جارح مزاج آسٹریلین بلے باز گلین میکسویل نے میچ کو یادگار بناتے ہوئے ورلڈ کپ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

گلین میکس ویل نے صرف 40 گیندوں پر سنچری مکمل کر کے یہ اعزاز اپنے نام کیا اور میچ میں 8 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 106 رنز بنائے۔

میکسویل کی یہ سنچری ون ڈے کرکٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے تیز ترین تین ہندسوں کی اننگز ہے، اس سے قبل بھی تیز ترین سنچری کا اعزاز میکسویل کے پاس تھا جنہوں نے 2015 میں سری لنکا کے خلاف 51 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔

اس سے قبل ورلڈ کپ میں تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز جنوبی افریقہ کے ایڈن مرکرم کے پاس تھا جنہوں نے چند دن قبل ہی سری لنکا کے خلاف میچ میں 49 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔

میکسویل کے ساتھ ساتھ میچ میں ڈیوڈ وارنر نے بھی سنچری بنائی جو ان کی عالمی کپ میں چھٹی سنچری تھی اور وہ کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے میں آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ رکی پونٹنگ کے پاس تھا جنہوں نے عالمی کپ میں 5 سنچریاں بنائی تھیں۔

میچ میں نیدرلینڈز کے تقریباً تمام ہی باؤلرز آسٹریلین بلے بازوں کے ہاتھوں تختہ مشق بنے رہے لیکن نیدرلینڈز کے اسٹار آل راؤنڈر باس ڈی لیڈا سب سے زیادہ زیر عتاب آئے۔

ڈی لیڈا نے میچ میں 10 اوورز کے کوٹے میں 115 رنز دیے اور ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں ایک میچ میں سب سے زیادہ رنز دینے والے کرکٹر بن گئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024