• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کی چوتھی فتح، بنگلہ دیش کو 149 رنز سے شکست

شائع October 24, 2023
مشفیق الرحیم کو آؤٹ کرنے کے بعد جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر کوئٹزے کا جارحانہ انداز — فوٹو: اے ایف پی
مشفیق الرحیم کو آؤٹ کرنے کے بعد جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر کوئٹزے کا جارحانہ انداز — فوٹو: اے ایف پی
کوئنٹن ڈی کوک نے رواں ورلڈ کپ کی سب سے بڑی اننگز کھیلتے ہوئے 140 گیندوں پر 174 رنز بنائے — فوٹو: اے ایف پی
کوئنٹن ڈی کوک نے رواں ورلڈ کپ کی سب سے بڑی اننگز کھیلتے ہوئے 140 گیندوں پر 174 رنز بنائے — فوٹو: اے ایف پی

ورلڈ کپ 2023 میں جنوبی افریقہ نے کوئنٹن ڈی کوک اور ہنریک کلاسن کی عمدہ بیٹنگ کے بعد باؤلرز کی شاندار کاررکردگی کی بدولت بنگلہ دیش کو 149 رنز سے شکست دے کر عالمی کپ میں چوتھی کامیابی حاصل کر لی۔

ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بنگلہ دیش کو اننگز کی ابتدا میں ہی اس وقت اہم وکٹ ملی جب ساتویں اوور میں ریزا ہینڈرکس صرف 12 رنز بنانے کے بعد شریف الاسلام کی وکٹ بن گئے۔

ابھی جنوبی افریقہ کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے ہی اوور میں مہدی حسن میراز نے دوسری ضرب لگاتے ہوئے وین ڈر ڈوسن کو چلتا کر دیا۔

36 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد تجربہ کار ڈی کوک کا ساتھ دینے کپتان ایڈن مرکرم آئے اور دونوں نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو سنبھالا دیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 131 رنز کی شراکت بنائی۔

اس سے قبل کہ ایڈن مرکرم جارحانہ انداز اپناتے، شکیب نے اپنے ہم منصب کی 69 گیندوں پر 7 چوکوں سے سجی 60 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

تاہم دوسرے اینڈ سے ڈی کوک نے پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے جارحانہ انداز اپنایا اور نئے بلے باز ہنریک کلاسن کے ساتھ مل کر بنگلہ دیشی باؤلرز کو تختہ مشق بنا دیا۔

وکٹ کیپر بلے باز نے رواں ورلڈ کپ میں اپنی تیسری سنچری مکمل کی اور کلاسن کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 142 رنز جوڑ کر جنوبی افریقہ کے لیے ٹورنامنٹ میں ایک اور بڑے اسکور کی راہ ہموار کی۔

کوئنٹن ڈی کوک نے رواں ورلڈ کپ کی سب سے بڑی اننگز کھیلتے ہوئے 140 گیندوں پر 174 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 15 چوکے شامل تھے۔

ڈی کوک کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی جنوبی افریقہ کی جارحانہ بیٹنگ میں کوئی کمی نہیں آئی اور کلاسن نے ملر کے ہمراہ ٹورنامنٹ کی تیز ترین 50 رنز کی شراکت بنائی۔

کلاسن نے ایک اور شان دار اننگز کھیلتے ہوئے صرف 49 گیندوں پر 8 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 90 رنز بنائے اور ملر کے ساتھ 65 رنز کی شراکت بھی بنائی۔

ملر نے بھی اختتامی اوور میں روایتی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 15 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے جس کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 382 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 30 رنز کا آغاز فراہم کیا ہی تھا کہ مارکو جینسن نے یکے بعد دیگرے دو گیندوں پر اوپنرز تنزید کے ساتھ ساتھ نجم الحسن شانتو کو چلتا کر کے بنگلہ دیش کو دوہرا نقصان پہنچایا۔

ابھی بنگلہ دیشی ٹیم اس نقصان سے سنبھلنے کا سوچ ہی تھی کہ اگلے اوور میں لیزاڈ ولیمز نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے کپتان شکیب الحسن کو چلتا کردیا۔

ٹیم کی مشکلات ابھی کم بھی نہ ہوئی تھیں کہ 42 کے مجموعے پر جیرالڈ کوئٹزے نے ٹیم کو چوتھی کامیابی دلاتے ہوئے تجربہ کار مشفیق الرحیم کا کام تمام کردیا۔

بنگلہ دیش کو 58 کے مجموعے پر پانچواں نقصان پہنچا جب کگیسو ربادا کی گیند پر وکٹوں کے پیڈ لانے کے جرم میں 22 رنز بنانے والے لٹن داس کو پویلین لوٹنا پڑا۔

58 رنز پر آدھی ٹیم آؤٹ ہونے کے بعد میچ کا نتیجہ واضح ہو چکا تھا لیکن اس مرحلے پر محموداللہ نے اپنی ٹیم کو میچ میں بدترین کفت سے بچانے کا بیڑا اٹھایا۔

انہوں نے پہلے مہدی حسن میراز کے ساتھ مل کر اسکور کو 81 تک پہنچایا اور پھر نسُم احمد کے ساتھ مزید 41 رنز جوڑ کر اسکور کو 122 تک پہنچایا، مہدی 11 اور نسُم 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

محموداللہ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور حسن محمود کے ہمراہ اسکور کو 159 تک پہنچا دیا جنہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 15 رنز بنائے۔

8 وکٹیں گرنے کے بعد محموداللہ نے زیادہ سے زیادہ خود بیٹنگ کرنے کی ٹھانی اور مستفیض کے ہمراہ 68 رنز کی شراکت قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی سنچری بھی مکمل کر لی۔

محموداللہ چار چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 111 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے اور ان کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی بنگلہ دیش کی ٹیم بھی 233 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

جنوبی افریقہ نے میچ میں 149 سے کامیابی حاصل کر کے ورلڈ کپ میں چوتھی کامیابی حاصل کر لی۔

پروٹیز کی جانب سے جیرالڈ کوئٹزے تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ ولیمز، ربادا اور جینسن نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

174 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے ڈی کوک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

جنوبی افریقہ: ایڈن مرکرم (کپتان)، کوئنٹن ڈی کوک، رِزا ہینڈرکس، راسی وین ڈر ڈوسن، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر، مارکو جانسن، کگیسو ربادا، کیشو مہاراج، لیزاد ولیمز، جیرالڈ کوٹزی

بنگلہ دیش: شکیب الحسن (کپتان)، نجم الحسین شانتو، لٹن داس، تنزید حسن، مہدی حسن میراز، مشفیق الرحیم، محمود اللہ، تسکین احمد، شرف الاسلام، مستفیض الرحمٰن، ناسم احمد

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024