کراچی: ڈکیتی مزاحمت سمیت مختلف واقعات میں دو نوجوان جاں بحق
کراچی میں ڈکیتی مزاحمت اور پولیس پر ہونے والے فائرنگ کی زد میں آنے سمیت دو مختلف واقعات میں دو نوجوان جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سائٹ کے علاقے باوانی چالی میں شاہی مسجد کے قریب مشتبہ ڈاکوؤں نے ڈکیتی مزاحمت پر 25 سالہ نوجوان مہر دین کو گولی مار کر قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی لاش کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس پر حملہ، نوجوان شہری جاں بحق
علاوہ ازیں اورنگی ٹاؤن میں پولیس پر حملے کے دوران ملزمان سے فائرنگ کے تبادلے کی زد میں آکر ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مومن آباد کے ایس ایچ او انصار احمد نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن 10 کی پھول والی گلی میں تین پولیس اہلکار گشت کر رہے تھے جہاں انہوں نے دو مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو تلاشی کے لیے روکنے کا اشارہ کیا جو بغیر نمبر پلیٹ موٹر سائیکل پر سوار تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ مشتبہ افراد نے رکنے کے بجائے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار راہگیر 24 سالہ محمد ارسلان گولی لگنے سے گاڑی سے گر گیا جن کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔
پولیس نے کہا کہ مشتبہ افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج تک رسائی حاصل کرلی اور ملزمان کی شناخت کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
نجی کمپنی میں تصادم، ایک شخص جاں بحق
درین اثنا سائٹ ایریا میں ایک نجی کمپنی میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
پولیس نے کہا کہ غنی چورنگی کے قریب کمپنی میں تصادم کے دوران 25 سالہ خورشید رحمٰن چھریاں لگنے سے جاں بحق اور 27 سالہ ارسلان حسین اور 23 سالہ راجا محمد زخمی ہوگئے۔
پولیس نے کہا کہ واقعہ ذاتی دشمی کی وجہ سے پیش آیا۔
پولیس مقابلے میں مشتبہ ڈکیت ہلاک
علاوہ ازیں کراچی کے علاقے کھارا دار میں پولیس مقابلہ کے دوران ایک مشتبہ ڈکیت ہلاک ہوگیا جبکہ ایک کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق دو مشتبہ افراد علاقے میں گھوم رہے تھے جس پر عیدگاہ پولیس نے انہیں تلاشی لینے کے لیے رکنے کا اشارہ کیا لیکن انہوں نے وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران پولیس پر فائرنگ کردی۔
پولیس نے مزید کہا کہ کھارادر میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک مشتبہ ڈکیت فیضان عابد ہلاک ہوگیا جبکہ ان کے ساتھی یاسین علی کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے ان کے قبضے سے دو بغیر لائسنس پستول اور ایک چھینا ہوا موبائل فون برآمد کی۔
پولیس نے دعویٰ کیا کہ دونوں ملزمان کا ماضی میں بھی کرمنل ریکارڈ رہا ہے۔