• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

نواز شریف ’ڈیل‘ کے تحت ملک واپس آئے ہیں، پی ٹی آئی

شائع October 23, 2023
شعیب شاہین نے لاہور میں پی ٹی آئی کی کارنر میٹنگ پر چھاپہ مارنے پر بھی پولیس کو تنقید کا نشانہ بنایا: فائل فوٹو
شعیب شاہین نے لاہور میں پی ٹی آئی کی کارنر میٹنگ پر چھاپہ مارنے پر بھی پولیس کو تنقید کا نشانہ بنایا: فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے دعویٰ کیا کہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنے بیانیے کو تبدیل کرنے اور ایک ’ڈیل‘ کے تحت ملک واپس آئے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف لندن میں چار سالہ خود ساختہ جلاوطنی ختم کرنے کے بعد پاکستان پہنچے اور لاہور میں مینار پاکستان پر ایک بڑے جلسے سے خطاب کیا تھا۔

وطن واپسی کے بعد پہلی تقریر میں نواز شریف نے کہا تھا کہ وہ انتقام کا جذبہ نہیں رکھتے اور آئین کی روح کے مطابق متحد ہو کر مستقبل کا منصوبہ بنانا ہوگا اور آئین پر عمل درآمد کرنے والے ریاستی اداروں اور جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ترجمان ایڈووکیٹ شعیب شاہین نے کہا کہ ملک پر مفرور مسلط کیا جا رہا ہے، ایک مجرم اور مفرور کو ریاست کے مہمان کا درجہ دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے ملک میں گزشتہ 16 ماہ میں سب سے زیادہ مہنگائی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ شریف برادران عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔

شعیب شاہین نے لاہور میں پی ٹی آئی کی کارنر میٹنگ پر چھاپہ مارنے پر بھی پولیس کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس، پی ٹی آئی کے حامیوں کے گھروں پر بھی چھاپے مار رہی ہے اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کر رہی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے قید چیئرمین عمران خان کو جلسے کی اجازت دی گئی تو وہ مسلم لیگ (ن) سے بڑا پاور شو کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی وطن واپسی لندن پلان کا حصہ تھی، جس کا انکشاف پی ٹی آئی چیئرمین نے ایک سال قبل کیا تھا۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر سابق وزیراعظم کی بائیو میٹرک تصدیق پر بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا کہ لوگوں نے دیکھا کہ کس طرح ایک مجرم کو ضمانت دی گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ’تجربہ بند کریں اور لوگوں کو ان کی خواہشات کے مطابق ووٹ کا حق دیں۔‘

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024