• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:25pm

جوبائیڈن کا امریکی شہریوں پر مسلمانوں، یہودیوں سے نفرت نہ کرنے پر زور

شائع October 21, 2023
— تصویر: رائٹرز
— تصویر: رائٹرز

امریکی صدر جو بائیڈن نے اوول آفس سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ اسلامو فوبیا اور یہودیوں کے خلاف دشمنی دونوں کا واضح طور پر مقابلہ کریں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر کی 15 منٹ کی تقریر کا محور اسرائیل- حماس تنازع اور روس-یوکرین جنگ تھا، جس کے فنڈز کے لیے انہوں نے کانگریس سے اربوں ڈالر کا مطالبہ کیا۔

جو بائیڈن نے واضح نہیں کیا کہ اس مقصد کے لیے انہیں کتنی رقم درکار ہے، مگر امریکی میڈیا نے جمعہ کو رپورٹ کیا کہ صدر جو بائیڈن یوکرین کے لیے 60 ارب ڈالر اور اسرائیل کے لیے 14 ارب ڈالر کے ساتھ انڈو-پیسیفک کی سیکیورٹی کے لیے فنڈز کے خواہاں ہیں، مجموعی طور پر متوقع پیکج 100 ارب ڈالر سے زائد کا ہے۔

اگرچہ ان کی تقریر کا زیادہ تر حصہ اسرائیل کی حمایت کی ضرورت کا جواز پیش کرنے پر مشتمل تھا، مگر جو بائیڈن نے یہ بھی کہا کہ امریکا فلسطینیوں کی عزت کے ساتھ جینے اور خودارادیت کے حق کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ جنگی قوانین کو برقرار رکھے اور اسرائیل-فلسطین کے مابین 2 ریاستی حل کے ہدف کو دوبارہ دہرایا جبکہ اس ہدف کے پورے ہونے کے امکانات بہت کم دکھائی دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسا میں نے اسرائیل میں بھی کہا تھا کہ چاہے جتنی بھی مشکل کیوں نا ہو، ہم امن سے دستبردار نہیں ہو سکتے، ہم 2 ریاستی حل سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔’ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل اور فلسطین دونوں کو محفوظ، عزت اور امن کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہے۔

مگر کانگریسی معاملات پر توجہ رکھنے والے امریکی جریدے ’دا ہل‘ نے نشاندہی کی کہ ’یہ ریمارکس مختصر تھے اور ان میں غلط احساس شامل تھا، خاص کر اس وعدے کے ساتھ کہ وہ اسرائیل کی‘ فوجی برتری’ کے لیے اربوں ڈالر جمع کر رہے ہیں۔

روس اور حماس کو یوکرین اور اسرائیل میں ہرانے کے عہد کے ساتھ صدر جو بائیڈن نے ایران کو بھی تنبیہ دی کہ وہ اسرائیل-حماس تنازع کا فریق نا بنے، یہ ریمارکس پینٹاگون کے جاری کردہ بیان کے تناظر میں سامنے آئے، جس میں بتایا گیا تھا کہ امریکی نیوی نے بحیرہ احمر میں میزائل اور ڈرون مار گرائے۔ جو یمن میں ایران کی حمایت یافتہ حوثیوں کی طرف سے ممکنہ طور پر اسرائیل کی جانب فائر کیے گئے تھے۔

صدر جو بائیڈن اس وقت حقیقی طور پر فکر مند نظر آئے، جب انہوں نے امریکا میں مقیم مختلف نسلی اور مذہبی گروہوں پر اسرائیل اور حماس تنازع کے اثرات کا تذکرہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے گھر میں اپنے آپ سے سچ کہنا ہوگا، حالیہ برسوں میں نفرت کو بہت زیادہ ہوا دی گئی جو امریکا میں نسل پرستی، یہودیوں سے نفرت اور اسلاموفوبیا میں اضافے کا سبب بنی ۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ میں جانتا ہوں کہ امریکا میں مقیم مسلمان برادری ،عرب کمیونٹی ، فلسطینی برادری اور دیگر بہت سے لوگ غصہ میں ہیں، اور اپنے آپ سےکہہ رہے ہوں گے کہ ہمیں 9/11 کے بعد پیدا ہونے والے اسلاموفوبیا اور عدم اعتماد کی صورتحال کا ایک بار پھر سے سامنا کرنا ہوگا۔

صدر جو بائیڈن کا مزید کہنا تھا کہ ہم ایسا ہونے پر کونے پر کھڑے ہو کر خاموش نہیں رہ سکتے، ہمیں بلا متیاز یہودیوں سے نفرت کی مذمت کرنی چاہیے، ہمیں اسی طرح اسلامو فوبیا کی بھی مذمت کرنی چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024