• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ورلڈکپ میں سری لنکا کی پہلی فتح، نیدرلینڈز کو 5 وکٹوں سے شکست

شائع October 21, 2023
سماراوکراما نے 91 رنز کی فتح گر اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
سماراوکراما نے 91 رنز کی فتح گر اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی

کرکٹ ورلڈکپ کے 19ویں میچ میں سری لنکا نے سدیرا سمارا وکراما اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت نیدرلینڈز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر عالمی کپ میں پہلی فتح حاصل کر لی۔

بھارتی شہر لکھنؤ میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈز کی جانب سے وکرم جیت سنگھ اور میکس او ڈاؤڈ بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے جبکہ سری لنکا کی جانب سے دلشان مدوشنکا نے باؤلنگ کا آغاز کیا۔

آئی لینڈرز کے کسن راجیتھا نے 4 رنز پر وکرم جیت سنگھ کو پویلین بھیج کر سری لنکا کو شروع ہی میں کامیاب دلائی، جس کے بعد نیدرلینڈز کے بیٹرز نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور اسکور کو 48 تک پہنچایا۔

کاسن راجیتھا کی گیند پر میکس او ڈاؤڈ کور ڈرائیو کرنے کی کوشش کی، لیکن گیند بلے کا اندرورنی کنارا چھوتی ہوئی وکٹوں میں جاگھسی، وہ 27 گیندوں پر 16 رنز بناسکے۔

کسن راجیتھا نے عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنے اگلے ہی اوور میں کولن ایکرمین کو بھی چلتا کیا، وہ 29 رنز بنا کر مینڈس کو کیچ دے بیٹھے، نیدرلینڈز کو چوتھا نقصان باس ڈی لیڈے کی صورت میں ہوا، جنہیں دلشان مدوشنکا نے پویلین کی راہ دکھائی۔

دلشان مدوشنکا نے اپنے اگلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر تیجا ندامانورو کے خلاف زور دار اپیل کی، تاہم امپائر ایراسمس غیر متحرک رہے، مینڈس نے جائزہ لینے کے بعد ریویو لے لیا، ری پلے سے ظاہر ہوا کہ گیند مڈل اسٹمپ سے ٹکرا رہی تھی، اس طرح تھرڈ امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دے دیا۔

اس موقع پر نیدرلینڈز کی ٹیم 19ویں اوور میں 71 رنز پر 5 وکٹیں گنوا بیٹھی۔

نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے مہیش تھیکشانا کی اندر آتی گیند پر شارٹ کھیلنے کی کوشش کی، جو بلے کا اندرونی کنارا لیتی ہوئی وکٹوں میں جاگھسی، اس موقع پر نیدرلینڈز نے 22 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنا رکھے تھے۔

اس کے بعد نیدرلینڈز کے بیٹرز سائبرینڈ اینجل برچٹ اور لوگان وین بیک نے محتاط انداز میں ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور ساتویں وکٹ کے لیے 130 رنز کی شراکت داری قائم کی اور ٹیم کا مجموعہ 221 رنز تک پہنچایا۔

نیدرلینڈز کے لیے سب سے بڑی شراکت بنانے والی اس جوڑی کی ساجھے داری کا خاتمہ دلشان مدھوشانکا نے کر دیا، انہوں نے 82 گیندوں پر ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے۔

دلشان مدھوشانکا نے ریلوف وین مروے کو بھی 7 رنز پر چلتا کیا، نیدرلینڈز کی نویں وکٹ 252 رنز پر گری، جب لوگن وین بیک 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

آخری اوور میں نیدرلینڈز کی ٹیم 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور سری لنکا کو جیت کے لیے 263 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور 18 کے مجموعے پر کوشل پریرا صرف 5 رنز بنانے کے بعد آریان دت کی وکٹ بن گئے۔

کپتان کوشل مینڈس بھی کچھ قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے اور 11 رنز بنانے کے بعد آریان دت کی دوسری وکٹ بن گئے۔

52 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد پاتھم نسانکا کا ساتھ دینے سدیرا سمارا وکراما آئے اور دونوں نے مزید 52 رنز جوڑ کر اسکور کو 104 تک پہنچا دیا لیکن اسی اسکور پر 54 رنز بنانے والے وین میکرن نے نسانکا کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

دوسرے اینڈ سے سماراوکراما نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور نئے بلے باز چارتھ اسالانکا کے ہمراہ 77 رنز کی ساجھے داری بنا کر میچ میں سری لنکا کی پوزیشن مستحکم کردی۔

181 رنز پر نیدرلینڈز نے 44 رنز بنانے والے آریان دت کو آؤٹ کردیا لیکن سماراوکراما کی عمدہ بیٹنگ کا ان کے پاس کوئی جواب نہ تھا جنہوں نے نئے بلے باز دھننجیا ڈی سلوا کے ہمراہ مزید 76 رنز ڈال کر اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز تک پہنچا دیا، دھننجیا نے 30 رنز بنائے۔

سری لنکا نے 10 گیندوں قبل ہی ہدف تک رسائی حاصل کر کے ورلڈ کپ میں پہلی فتح اپنے نام کر لی۔

اس فتح کے ہیرو سدیرا سمارا وکراما رہے جنہوں نے 7 چوکوں کی مدد سے 91 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

نیدرلینڈز کی جانب سے آریان دت نے تین وکٹیں لیں۔

سمارا وکراما کو ان کی عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

نیدر لینڈز: اسکاٹ ایڈورڈز (کپتان)، وکرم جیت سنگھ، میکس او ڈاؤڈ، کولن ایکرمین، باس ڈی لیڈے، تیجا ندامانورو، سائبرینڈ اینجلبرچٹ، ریلوف وین مروے، لوگن وین بیک، آریان دت، پال وین میکرین

سری لنکا: کوسل مینڈس (کپتان)، پاتھم نسانکا، کوسل پریرا، سدیرا سماراویکراما، چارتھ اسالانکا، چمیکا کرونارتنے، دھننجیا ڈی سلوا، دشن ہیمنتھا، مہیش تھیکشانا، دلشان مدوشنکا، کسن راجیتھا،

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024