• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ میں مزید 5 کھلاڑی شامل، سرفراز احمد کی ترقی

شائع October 20, 2023
پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کی تعداد 30 ہوگئی — فوٹو: پی سی بی
پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کی تعداد 30 ہوگئی — فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں اضافہ کرتے ہوئے مزید 5 کھلاڑیوں کو شامل کرلیا جس کے بعد کنٹریکٹ کے حامل کھلاڑیوں کی تعداد 30 ہوگئی جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد کی کیٹگری ’بی‘ میں ترقی ہوئی ہے۔

پی سی بی سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ بورڈ نے بغور جائزہ لینے کے بعد کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ میں مزید 5 کھلاڑیوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد کنٹرکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی تعداد بڑھ کر 30 ہوگئی ہے۔

بورڈ نے 3 سالہ سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان گزشتہ ماہ کیا تھا جس کا اطلاق یکم جولائی 2023 سے 30 جون 2026 تک ہوگا۔

بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی طور پر 25 کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل نجم سیٹھی کی سربراہی میں انتظامی کمیٹی نے دی تھی، لیکن ذکا اشرف کی سربراہی میں نئی کمیٹی نے اس فہرست کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا۔

سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں میں ابرار احمد اور نعمان علی ’سی‘ کیٹگری، طیب طاہر، عامر جمال اور ارشد اقبال کو ’ڈی‘ کیٹیگری میں شامل کرلیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق سابق کپتان سرفراز احمد کو اس سے پہلے ’ڈی‘ کیٹیگری میں رکھا گیا تھا لیکن اب ’بی‘ کیٹیگری کا حصہ بنایا گیا ہے۔

سرفراز احمد نے ٹیم سے باہر ہونے کے بعد گزشتہ برس دسمبر میں ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کی تھی جہاں 4 میچوں میں 61.16 کی اوسط سے 367 رنز بنائے تھے اور اس وقت ٹیسٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز ہیں۔

سابق کپتان کو گزشتہ برس نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں 3 نصف سنچریوں اور ایک سنچری بنانے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں میں اسپنرز ابرار احمد اور نعمان علی ٹیسٹ ٹیم کا باقاعدہ حصہ ہیں، ابرار نے گزشتہ برس ملتان میں انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو کے بعد 6 میچوں میں 38 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

بائیں ہاتھ کے اسپنر نعمان علی نے گزشتہ ایک برس کے دوران 4 میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کرلی ہیں۔

سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل ہونے والے دیگر کھلاڑی عامر جمال، ارشد اقبال، طیب طاہر نے بالترتیب 4 اور 3،3 ٹی20 میچز کھیلے ہیں اور انہیں ڈی کیٹیگری میں جگہ دی گئی ہے اور قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے منصوبے میں بدستور شامل رہیں گے۔

پی سی بی کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ کے کھلاڑیوں کے معاوضوں میں قابل ذکر اضافہ کیا گیا ہے، جس میں آئی سی سی ریونیو کا حصہ بھی شامل ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی کا ہرسال جائزہ لیا جائے گا۔

سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کی فہرست درج ذیل ہے:

کیٹیگری اے: بابراعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی

کیٹیگری بی: فخر زمان، حارث رؤف، امام الحق، محمد نواز، شاداب خان، نسیم شاہ، سرفراز احمد

کیٹیگری سی: عماد وسیم ، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، نعمان علی

کیٹیگری ڈی: فہیم اشرف، حسن علی، افتخار احمد، احسان اللہ، محمد حارث، محمد وسیم جونیئر، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شاہنواز دھانی، شان مسعود، اسامہ میر، زمان خان، ارشد اقبال، عامر جمال، طیب طاہر

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024