عمران ہاشمی ’ٹائیگر تھری‘ میں پاکستانی ولن کا کردار ادا کرنے پر خوش
ماضی کے رومانوی اور بولڈ ہیرو عمران ہاشمی نے آنے والی پاکستان مخالف بولی وڈ فلم ’ٹائیگر تھری‘ میں پاکستانی ولن کا کردار ادا کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شائقین کو یہ بتانے کے لیے بے تاب رہے کہ وہ سلمان خان کی فلم میں ولن بنے ہیں۔
سلمان خان کی ’ٹائیگر تھری‘ کا ٹریلر چند دن قبل ریلیز کیا گیا تھا جو کہ ان کی ’ٹائیگر‘ سیریز کی تیسری فلم ہے۔
’ٹائیگر‘ سیریز کی پہلی فلم 2012 میں ’ایک تھا ٹائیگر‘ کے نام سے ریلیز ہوئی تھی، جس کا سیکوئل 2017 میں ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کے نام سے جاری کیا گیا اور اب سیریز کی تیسری فلم ’ٹائیگر تھری‘ کو نومبر میں پیش کیا جائے گا۔
’ٹائیگر‘ سیریز کی کہانی میں سلمان خان بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ایجنٹ کا کردار ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں جب کہ سیریز کی پہلی دونوں فلموں میں کترینہ کیف کو ’زویا‘ نامی پاکستانی ایجنٹ کا کردار ادا کرتے دکھایا گیا۔
تیسری فلم میں ’زویا اور ٹائیگر‘ کی شادی کو دکھایا گیا ہے اور انہیں ایک بیٹا بھی ہوجاتا ہے جب کہ نئی فلم میں عمران ہاشمی نے پاکستانی ولن کا کردار ادا کیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ’ٹائیگر تھری‘ کی تمام مرکزی کاسٹ مسلمانوں پر مبنی ہے، یعنی سلمان خان بھارتی ایجنٹ بنے ہیں جو پاکستانی ولن کو سبق سکھاتے دکھائی دیتے ہیں جب کہ عمران ہاشمی پاکستان کے برے شخص کے طور پر نظر آئیں گے۔
اسی طرح کترینہ کیف بھی مسلمان ہیں اور وہ پہلی دونوں فلموں میں پاکستانی جاسوس کے روپ میں دکھائی دیں اور اب بھارتی ایجنٹ کی بیوی کے طور پر نظر آئیں گی۔
فلم کے ٹریلر کو جاری کیے جانے کے بعد ہی اس میں پاکستان مخالف مواد دکھائے جانے پر سلمان خان اور عمران ہاشمی سمیت کترینہ کیف پر بھی تنقید کی گئی تھی۔
لیکن اب عمران ہاشمی کا بیان سامنے آیا ہے جنہوں نے فلم میں پاکستانی ولن بننے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
شوبز ویب سائٹ ’فلم فیئر‘ کے مطابق ’ٹائیگر تھری‘ کا ٹریلر جاری ہونے کے بعد عمران ہاشمی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ لوگوں کو یہ بتانے کے لے بے تاب تھے کہ وہ سلمان خان کی فلم میں انتہائی خطرناک پاکستانی ولن کے طور پر نظر آئیں گے۔
اپنے بیان میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ شائقین ان کے کردار کو سراہ رہے ہیں اور بطور سپر ولن ان کی تعریفیں کی جا رہی ہیں اور وہ اس بات سے انتہائی خوش ہیں کہ شائقین انہیں منفی روپ میں بھی پسند کر رہے ہیں۔
عمران ہاشمی کا کہنا تھا کہ فلم میں وہ ایک ایسے بااثر اور طاقتور پاکستانی ولن بنے ہیں جن کا متعدد ممالک کے اعلیٰ سرکاری افسران پر رعب و دب دبا ہوتا ہے جس کا واحد مقصد بھارتی ایجنٹ ’ٹائیگر‘ کو راستے سے ہٹانا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلم میں وہ انتہائی شاطر اور ذہین ولن بنے ہیں جو دماغ کا استعمال کرکے ’ٹائیگر‘ یعنی سلمان خان مشکل کو وقت دیتے ہیں جب کہ وہ پوری فلم میں بطور پاکستانی ولن بھارتی ایجنٹ کو ہٹانے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں کیوں کہ وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ ’ٹائیگر‘ واحد شخص ہے جو ہر حال میں اپنے ملک کے لیے کھڑا ہوتا ہے۔
سلمان خان کی ’ٹائیگر تھری‘ کو آئندہ ماہ دیوالی کے موقع پر 12 نومبر کو ریلیز کیا جائے گا۔ ان کی اسی سیریز کی پہلی دونوں فلموں پر پاکستان میں پابندی لگائی گئی تھی جب کہ اب تو پاکستان میں تمام بولی وڈ فلموں کی نمائش پر پابندی عائد ہے۔