• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

اداکاراؤں کو محبت بھی بڑے اور امیر آدمی سے ہوتی ہے، سلیم معراج

شائع October 19, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

معروف اداکار سلیم معراج نے کہا ہے کہ اداکاراؤں کو اگر محبت بھی ہوتی ہے تو وہ کسی بڑے شخص یا امیر آدمی سے ہوتی ہے، انہوں نے کبھی نہیں دیکھا کہ اداکاراؤں کو کسی غریب شخص سے محبت ہوئی ہو۔

سلیم معراج نے حال ہی میں کامیڈی شو ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر باتیں کیں اور بتایا کہ انہوں نے کیریئر میں کرداروں کے انتخاب میں غلطیاں بھی کیں لیکن انہوں نے ان غلطیوں سے سبق سیکھا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ وہ وہی کردار ادا کرتے ہیں جو انہیں اچھا لگتا ہے، ان کے لیے سب سے اہم بات اسکرپٹ کا بہتر اور کردار کا مضبوط ہونا ہوتا ہے، انہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہدایت کار کون ہے۔

سلیم معراج کے مطابق وہ جس کردار سے مطمئن ہوتے ہیں، اسے ہی ادا کرتے ہیں پھر چاہے اس کردار کو لوگ ناپسند ہی کیوں نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ کرداروں کے انتخاب کے دوران ان سے بہت غلطیاں بھی ہوئیں اور غلطیوں سے ہی ہر کوئی سبق سیکھتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں زیادہ تر منفی کرداروں کی ہی پیش کش ہوتی ہے جب کہ وہ خود بھی برے کردار مزے سے کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تقریبا ڈیڑھ دہائی قبل انہوں نے ’کاش میں تیری بیٹی نہ ہوتی‘ نامی ڈرامے میں دادا کا کردار ادا کیا تھا حالانکہ تب وہ کافی کم عمر تھے لیکن ان کے منفی کرداروں کو کافی سراہا گیا۔

سلیم معراج نے تھیٹر اور سوشل میڈیا کے اداکاری پر اثرات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تھیٹر کرنے والا اداکار منجھا ہوا ہوتا ہے، اس میں اعتماد آجاتا ہے اور وہ ہر کردار ادا کر سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا لیکن سوشل میڈیا بالکل مختلف چیز ہے، سوشل میڈیا مشہور ہونے کا اچھا پلیٹ فارم ہے اور وہ سوشل میڈیا پر کام کرنے والے تمام افراد کی قدر کرتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ انہیں اداکاری نہیں آتی۔

سلیم معراج کے مطابق جس طرح سوشل میڈیا اسٹارز کو اداکاری نہیں آتی، اسی طرح وہ سوشل میڈیا کو اچھی طرح استعمال نہیں کر پائیں گے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ انڈسٹری میں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو گزشتہ 20 سال سے کام کر رہے ہیں لیکن انہیں کام نہیں آتا اور وہ مشہور بھی ہیں جب کہ انہیں اس بات کی کوئی پرواہ ہی نہیں کہ انہیں کام نہیں آتا۔

جوانی میں پہلی محبت کے سوال پر سلیم معراج نے کہا کہ جب وہ جوان تھے تو انہیں کسی سے محبت نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی ان پر فدا تھا کیوں کہ اس وقت وہ نام اور کیریئر بنانے میں مصروف تھے۔

اسی بات پر انہوں نے کہا کہ انہوں نے نوٹ کیا ہے کہ بڑی اور مشہور اداکاراؤں کو کبھی کسی غریب سے محبت نہیں ہوئی۔

انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ بڑی اور مشہور اداکاراؤں نے جب بھی محبت کی ہے تو انہوں نے بڑے اور امیر شخص سے محبت کی ہے، کسی غریب یا کیریئر بنانے کی کوشش کرنے والے سے نہیں کی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024