• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پاکستان عالمی اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے پُرعزم

شائع October 16, 2023
نگران وزیر خزانہ نے موڈیز اور ایس اینڈ پی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کے حکام سے بھی ملاقات کی—فوٹو: اے پی پی
نگران وزیر خزانہ نے موڈیز اور ایس اینڈ پی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کے حکام سے بھی ملاقات کی—فوٹو: اے پی پی

نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے اقتصادی خوشحالی کو فروغ دینے اور عالمی مالیاتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع خبررساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق وزیر خزانہ نے گزشتہ روز مراکش میں مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ اور پاکستان کے وزرائے خزانہ (میناپ) کے ساتھ ساتھ اسٹیٹ بینک کے گورنرز کے ہمراہ آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا کے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کے دوران بات چیت اہم عالمی اقتصادی معاملات اور مالیاتی استحکام کو بڑھانے کے مقصد سے تعاون پر مبنی اقدامات پر مرکوز رہی۔

ڈاکٹر شمشاد اختر نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے لیے مراکش کے دورے کے دوران ورلڈ بینک کے سینیئر مینجنگ ڈائریکٹر ایکسل وین ٹراٹسنبرگ سے بھی ملاقات کی۔

ملاقات میں گفتگو کا موضوع مالی استحکام، محصولات میں اضافہ اور اقتصادی پیش رفت پر مرکوز رہا, جو اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کی علامت ہے۔

انہوں نے موڈیز اور ایس اینڈ پی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کے حکام سے بھی ملاقات کی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو فروغ دینے اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں پاکستان کے لیے مثبت کریڈٹ ریٹنگ برقرار رکھنے میں شفافیت کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

متحدہ عرب امارات کے ساتھ اقتصادی تعلقات

علاوہ ازیں ڈاکٹر شمشاد اختر اور متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے مالیاتی امور محمد بن ہادی الحسینی نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کا عہد کیا۔

عالمی اجلاس کے موقع پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے وزرا کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اقتصادی تعلقات کے فروغ، محصولات اور مالیات کے شعبے میں مزید مواقع کی تلاش اور باہمی اقتصادی ترقی کے لیے سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

فریقین نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کی صلاحیت کے حوالے سے روشن امکانات کا اظہار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024