• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

والد کے ساتھ میرے بہت خراب تعلقات تھے، اذان سمیع خان

شائع October 15, 2023
— فائل فوٹو: انسٹاگرام
— فائل فوٹو: انسٹاگرام

گلوکار و موسیقار اذان سمیع خان نے اپنے والد اور نامور گلوکار عدنان سمیع خان کے ساتھ تعلق کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کے والد کے ساتھ خراب تعلقات تھے، انہوں نے 15 سال کی عمر سے 29 سال کی عمر تک اپنے والد کو نہیں دیکھا۔

موسیقار اذان سمیع خان نے حال ہی میں پرو پاکستان کے یوٹیوب پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے والد کےساتھ خراب تعلقات، صحت کے مسائل، موٹاپے اور دیگر موضوعات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔

پوڈکاسٹ کے دوران اذان سمیع خان نے نوعمری کے دوران موٹاپے کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔

فائل فوٹو: انسٹاگرام
فائل فوٹو: انسٹاگرام

انہوں نے بتایا کہ ’میں 22 سال کا تھا جب میری بیٹی پیدا ہوئی، میں اس وقت موٹاپے کا شکار تھا، ’میرا وزن 140 کلو گرام سے بھی زیادہ تھا، میں نے اسٹور سے اپنے لیے ٹراؤزر خریدنا چھوڑدیے تھے، میری الماری میں صرف شلواریں تھیں کیونکہ مجھ پر کچھ بھی فٹ نہیں ہوتا تھا۔‘

انہوں نے کہا کہ وہ لمبے عرصے تک ’ایٹنگ ڈس آرڈر‘ یا کھانے میں بےترتیبی کا شکار تھے۔

اذان سمیع نے بتایا کہ ’ایٹنگ ڈس آرڈر ایسی عادت ہے جیسے کوئی انسان شراب، منشیات کا عادی ہوجاتا ہے، اس وقت میں اپنے تھراپسٹ سے علاج کروا رہا تھا تب انہوں نے بتایا کہ میں کھانے میں بےترتیبی کا شکار ہوں۔‘

گلوکار نے کہا کہ ’چاہے میں خوش ہوں یا اداس ہوں، میری پہلی خواہش ہوتی تھی کہ میں اکیلے کمرے میں بیٹھ کر صرف کھاتا رہوں، یہ بہت عام بیماری ہے جس کے بارے میں ہم بات نہیں کرتے، لیکن بیٹی پیدا ہونے کے بعد مجھے احساس ہوا کہ اپنے آپ کو بدلنے کی ضرورت ہے ورنہ کہا جاتا ہے کہ ایسی حالت میں دل کا دورہ بھی پڑسکتا ہے۔‘

پوڈکاسٹ کے دوران اذان سمیع خان نے اپنے والد اور نامور گلوکار عدنان سمیع خان کے ساتھ ’خراب‘ تعلقات’ کے بارے میں بھی بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ ’والد کے ساتھ میرے اچھے تعلقات نہیں تھے، میں نے انہیں پانچ سال کی عمر سے لے کر 14 سال کی عمر تک نہیں دیکھا، پھر جب میں 14 سال کا تھا تو وہ میرے ساتھ ڈیڑھ سال تک رہے، پھر میں نے مزید 13 سال تک ان کا چہرہ نہیں دیکھا، اور اب میں نے انہیں ایک ماہ قبل دیکھا ہے۔‘

فائل فوٹو: انسٹاگرام
فائل فوٹو: انسٹاگرام

اذان سمیع نے کہا کہ انہوں نے 15 سال کی عمر سے 29 سال کی عمر تک اپنے والد کو نہیں دیکھا، اپنے والد کو جانے بغیر موسیقی واحد چیز تھی جس کے ذریعے میرا ان سے رابطہ قائم ہوا، اس لیے جب میں میوزک بناتا ہوں تو مجھے ایسے لگتا ہے جیسے والد میرے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب میں بھارت میں اپنے والد کے ساتھ رہ رہا تھا تو میرے ذہن میں خیال آیا کہ ٹھیک ہے میں اپنے والدین کے درمیان مسائل کو سمجھ سکتا ہوں لیکن میں نے آج تک ایک فیملی جیسا ماحول اپنے گھر میں نہیں دیکھا، میں نے کسی بزنس مین یا پاپ اسٹار کے بیٹے جیسی زندگی نہیں گزاری، والدہ نے میری پرورش میں بہت محنت کی ہے۔

میزبان نے جب مختصر وقت کے لیے بھارت جانے کی وجہ سے پوچھی تو اذان سمیع نے کہا کہ ’چونکہ میرے والدین کے درمیان طلاق ہوچکی تھی اور یہ بات پوری دنیا کو معلوم تھی، اس لیے والدہ چاہتی تھیں کہ میں خود اپنے والد کے بارے میں جان سکوں۔‘

یاد رہے کہ عدنان سمیع خان کو 2015 میں بھارتی شہریت دینے کا اعلان کیا گیا تھا، اب وہ وہیں مقیم ہیں۔

اذان سمیع خان ان کے بڑے بیٹے ہیں جو انہیں اداکارہ زیبا بختیار سے ہیں، عدنان سمیع خان اور زیبا بختیار نے 1993 میں شادی کی تھی، بعد ازاں ان دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔

اذان سمیع خان کی پرورش ان کی والدہ اداکارہ زیبا بختیار نے کی ہے، عدنان سمیع خان نے دوسری شادی 2001 میں عرب خاتون صباح گلادری سے ہوئی، جو زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور طلاق پر ختم ہوئی۔

عدنان سمیع خان نے تیسری شادی 2010 میں جرمن نژاد رویا علی خان سے کی جن سے انہیں مئی 2017 میں ایک بیٹی ہوئی اور اب وہ ان کے ہمراہ بھارت میں ہی مقیم ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024