• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ملک بھر میں توہین مذہب کے الزام میں 179 افراد زیر حراست ہیں، رپورٹ

شائع October 13, 2023
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے رپورٹ طلب کی تھی— فائل فوٹو: شٹراسٹاک
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے رپورٹ طلب کی تھی— فائل فوٹو: شٹراسٹاک

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں توہین رسالت کے مقدمات میں 179 افراد زیر حراست ہیں اور ٹرائل کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ 17 افراد کو سزا سنائی گئی ہے۔

نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق میں پیش کی گئی رپورٹ میں توہین مذہب کے الزام میں گرفتار افراد کے اعداد وشمار دیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ جڑانوالہ میں توہین مذہب کے الزام میں مسیحی عبادت گاہیں اور گھر نذر آتش کیے جانے کے واقعے کے ایک روز بعد منعقدہ قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ولید اقبال نے کمیشن سے ملک بھر میں توہین کے مقدمات کی فہرست طلب کی تھی۔

سینیٹر ولید اقبال نے ہدایت کی تھی کہ اگر قانون مسلمانوں کے خلاف استعمال ہوا ہے تو اس پر بھی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

علاوہ ازیں کمیٹی نے وزارت انسانی حقوق کی قومی رابطہ کمیٹی تشکیل دینے کی سفارش بھی منظور کی جو کہ اقلیتوں کو درپیش مسائل پر مؤثر کنٹرول کے لیے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کا مسودہ تیار کرے گی۔

قائمہ کمیٹی کے پاس جمع کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں اس وقت 179 افراد زیر حراست ہیں جو توہین رسالت کے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔

صوبوں کی طرف سے دیے گئے اعداد و شمار کا ذکر کرتے ہوئے رپورٹ میں نشان دہی کی گئی ہے کہ توہین کے الزامات میں 17 افراد اسلام آباد، 18 پنجاب، 78 سندھ، 55 خیبرپختونخوا اور ایک شخص بلوچستان میں زیر حراست ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اب تک 17 افراد کو سزا سنائی گئی ہے جن میں سے 11 اسلام آباد، 4 سندھ اور دو کا تعلق بلوچستان سے ہیں جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں کسی کو بھی سزا نہیں سنائی گئی۔

ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ قائمہ کمیٹی نے انسانی حقوق کمیشن سے جامع رپورٹ طلب کی تھی لیکن کمیٹی کی طرف سے ایک صفحے پر مشتمل رپورٹ جمع کرائی گئی ہے۔

سینیٹر نے کہا کہ اگلے اجلاس میں ہم کمیشن سے مزید تفصیلات بھی طلب کریں گے اور درج مقدمات کے حوالے سے بھی مکمل جائزہ طلب کیا جائے گا۔

سنیٹر ولید اقبال نے ذاتی مفادات کے لیے توہین رسالت کے قوانین کے استحصال پر تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی قوانین کا غلط استعمال روکنے کے لیے مختلف طریقو کا بھی تعین کرے گی اور قوانین کا غلط استعمال روکنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کے لیے سینیٹر شیری رحمٰن کو بھی مدعو کیا جائے گا اور ان کی طرف سے توہین مذہب کے حوالے سے پیش کیے گئے بل کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024