• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے 10 سال مکمل ہونے کا جشن، روس سمیت 130 ممالک کا شرکت کا اعلان

شائع October 12, 2023
تقریب میں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن بھی شرکت کریں گے — فوٹو: رائٹرز
تقریب میں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن بھی شرکت کریں گے — فوٹو: رائٹرز

چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو منصوبے کی ایک دہائی کا جشن منانے کے لیے اگلے ہفتے غیر ملکی رہنماؤں کے ایک اجتماع کی میزبانی کرے گا، جس میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی شرکت بھی متوقع ہے۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو صدر شی جن پنگ کی بیرون ملک چین کے اثر و رسوخ کو بڑھانے کی کوششیں کے حوالے سے ایک اہم منصوبہ ہے اور چین نے کہا ہے کہ اس نے اس سلسلے میں اب پوری دنیا میں 20 کھرب ڈالر سے زیادہ کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

17 اور 18 اکتوبر کو ہونے والی اس تقریب میں 130 سے زائد ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے، جس میں شی جن پنگ استقبالہ تقریب سے خطاب کریں گے اور غیر ملکی رہنماؤں کی ضیافت کی میزبانی کریں گے۔

جب سے چین نے وسیع سرمایہ کاری کی پہل شروع کی ہے یہ اس کے بعد سے اپنی نوعیت کا تیسرا فورم ہے، اس سے قبل 2017 اور 2019 میں بھی اسی طرح کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھا۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ وہ اس تقریب میں شرکت کریں گے، جو گزشتہ سال یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد ان کا پہلا دورہ چین ہوگا۔

ماسکو نے کہا کہ تقریب میں روسی وزیر خارجہ کار سرگئی لاروف بھی شرکت کریں گے اور چینی ہم منصب وانگ ژی کے ساتھ بات چیت کریں گے۔

چین اور روس ایک دوسرے کو اسٹریٹجک اتحادی قرار دیتے ہیں اور اپنی اس شراکت کو لامحدود قرار دیتے ہوئے اقتصادی اور فوجی تعاون پر زور دیتے ہیں۔

چین نے یوکرین جنگ کی مذمت سے انکار کر دیا ہے اور خود کو ایک غیر جانبدار فریق ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے جبکہ ساتھ ہی ساتھ روس کو ایک اہم سفارتی اور مالیاتی لائف لائن کی پیشکش کی ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ماؤ ننگ نے گزشتہ ماہ کہا کہ ہم بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو میں فعال طور پر حصہ لینے والے ممالک اور شراکت داروں کا خیر مقدم کرتے ہیں کہ وہ تعاون کے منصوبوں پر بات چیت اور مشترکہ ترقی کے حصول کے لیے بیجنگ آئیں۔

بیجنگ نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس میں شریک ممالک کو حقیقی فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف چائنا سے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبوں کے لیے قرضوں کا بیلنس 307.4 ارب ڈالر ہے۔

ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف چائنا نے پورے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو میں ٹرانسپورٹ اور توانائی کے بڑے منصوبوں کی مالی معاونت کی ہے اور اسے افریقہ سے وسطی ایشیا تک ہر جگہ غیر ملکی قرضوں کے منصوبوں سے منسلک کیا گیا ہے، البتہ بیجنگ کے کچھ شراکت دار اس میں منصوبے کی لاگت کے بارے میں فکرمند ہیں۔

اٹلی دنیا کے سرکردہ ترقی یافتہ جمہوری ممالک میں سے واحد ملک ہے جس نے سرمایہ کاری کی اسکیم پر دستخط کیے ہیں، لیکن اس نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ وہ اس معاہدے سے باہر نکلنے پر غور کر رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024