• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

ایس آئی یو ٹی کی ساڑھے 14 ارب روپے میں ریجنٹ پلازہ ہوٹل خریدنے کی پیشکش

شائع October 12, 2023
ریجنٹ پلازہ ہوٹل اینڈ کنونشن سینٹر مرکزی شاہراہ فیصل پر واقع ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ریجنٹ پلازہ ہوٹل اینڈ کنونشن سینٹر مرکزی شاہراہ فیصل پر واقع ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی کے مرکزی راستے پر ایک اہم مقام پر واقع کثیر المنزلہ ’ریجنٹ پلازہ ہوٹل‘ کے مالک ’پاکستان ہوٹلز ڈیولپرز لمیٹڈ (پی ایچ ڈی ایل)‘ نے گزشتہ روز سرمایہ کاروں کو بتایا کہ صحت کے شعبے میں کام کرنے والی ایک نمایاں غیرمنافع بخش تنظیم نے 14 ارب 50 کروڑ روپے میں ریجنٹ پلازہ ہوٹل خریدنے کی پیشکش کی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق فرم نے سید شبر زیدی کا دستخط شدہ آفر لیٹر بھی ساتھ منسلک کیا، جو سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) ٹرسٹ کی جانب سے بطور ٹرسٹی خدمات سرانجام دیتے ہیں۔

ریجنٹ پلازہ کو موجودہ حالت میں خریدنے کی باضابطہ پیشکش 25 ستمبر کو پاکستان ہوٹلز ڈیولپرز لمیٹڈ کے ایک عوامی انکشاف کے بعد سامنے آئی ہے جس میں فرم نے سرمایہ کاروں کو مطلع کیا تھا کہ ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ اس کے اثاثوں اور واجبات کا تعین کرنے کے لیے اس کی جائیداد کے دستاویزات کا جامع جائزہ لینا چاہتا ہے۔

’چیس سیکیورٹیز‘ کے ریسرچ ڈائریکٹر یوسف ایم فاروق نے کہا کہ ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ کی جانب سے ہوٹل کی مجوزہ خریداری کی واضح وجہ اس کو ہسپتال میں تبدیل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ ’پاکستان ہوٹلز ڈیولپرز لمیٹڈ‘ کو نہیں بلکہ صرف اس کی پراپرٹی حاصل کر رہا ہے، یوں اس لین دین سے حاصل ہونے والی آمدنی کمپنی کو جائے گی، جو اس کے بعد ریونیو کما کر دینے والے ہوٹل کے بغیر بھی اپنے موجودہ اسٹیٹس کو برقرار رکھے گی۔

اقلیتی حصص یافتگان کے پاس موجود تقریباً 11 فیصد حصص کے لیے فی الحال کوئی ٹینڈر آفر نہیں کی جائے گی کیونکہ اس لین دین سےکمپنی کی ملکیت میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔

’ریجنٹ پلازہ ہوٹل اینڈ کنونشن سینٹر‘ مرکزی شاہراہ فیصل پر 13 ہزار 200 مربع گز کے رقبے پر واقع ہے، کثیر المنزلہ عمارت کا کل احاطہ شدہ رقبہ 47 ہزار 34 مربع گز ہے۔

پی ایچ ڈی ایل کی ملکیت میں تقریباً 14 ایکڑ کے مجموعی رقبے کی 2 دیگر زمینیں ٹھٹہ میں واقع ہیں، یہ واضح نہیں ہے کہ آیا مجوزہ لین دین میں ٹھٹہ کی یہ پراپرٹی شامل ہے یا نہیں۔

ہوٹل میں 400 کمرے ہیں جن میں ٹھہرنے والوں کی شرح مالی سال 23-2022 میں 19 فیصد رہی، گزشتہ 2 مالی سالوں میں قبضے کی شرح 20 فیصد اور 9 فیصد رہی۔

تازہ ترین سالانہ اکاؤنٹس سے پتا چلتا ہے کہ کمپنی نے اپنے اہم رئیل اسٹیٹ کی قیمت 8 ارب 90 کروڑ روپے رکھی ہے، اس ہوٹل کی عمارت کی قیمت 92 کروڑ 42 لاکھ روپے ہے، 23-200 میں پی ایچ ڈی ایل نے 4 کروڑ 41 لاکھ روپے منافع حاصل کیا، جو ایک سال قبل کے مقابلے میں 7.7 فیصد کم ہے۔

پی ایچ ڈی ایل کا شیئر گزشتہ روز 7.5 فیصد اضافے کے بعد 458.41 روپے پر بند ہوا، اگست کے آخر سے اس کے اسٹاک کی قیمت میں تقریباً 500 فیصد اضافہ ہوا ہے، درحقیقت ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ کی جانب سے دلچسپی کے اظہار کے دنوں میں اس کی قیمت میں ’غیر معمولی تبدیلی‘ کے نتیجے میں فرنٹ لائن ریگولیٹر نے کمپنی سے وضاحت طلب کی۔

واضح رہے کہ ایس آئی یو ٹی کی بنیاد ممتاز سرجن ڈاکٹر سید ادیب الحسن رضوی نے 4 دہائیاں قبل کراچی کے سول ہسپتال کے برنز یونٹ میں 8 بستروں پر مشتمل وارڈ کے طور پر رکھی تھی۔

کئی برسوں کے دوران بڑے پیمانے پر توسیع سے گزرنے کے بعد یہ ادارہ اب ایک خیراتی ٹرسٹ کے طور پر کام کر رہا ہے اور متعدد ہسپتالوں کے ذریعے ہر سال 5 لاکھ سے زائد مریضوں کو طبی سہولیات اور مالی امداد فراہم کرتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024