زندگی کے تین سال ذہنی صحت کا خیال رکھتے گزرے، ماورا حسین
معروف اداکارہ و ماڈل ماورا حسین نے کہا ہے کہ انہوں نے زندگی کے آخری تین سال اپنی ذہنی صحت پر مرکوز کرتے ہوئے گزارے، کیوں کہ انہیں سکون اور صحت یابی کی ضرورت تھی۔
ماورا حسین نے اپنے بچپن کی تصاویر پر مبنی مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ذہنی صحت کے عالمی دن کے موقع پر مداحوں کے لیے ذہنی صحت سے متعلق تحریر لکھی۔
انہوں نے تنہائی کے شکار افراد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان سے اظہار ہمدردی بھی کیا اور صارفین کو ذہنی صحت کی اہمیت سے متلق بھی بتایا۔
اداکارہ نے لکھا کہ انہوں نے زندگی کے آخری تین سال اپنی ذہنی صحت کو بہتر بنانے میں گزارے، کیوں کہ جس طرح کی وہ بچی تھیں، انہیں اس طرح کا سکون اور وقت درکار تھا۔
ماورا حسین نے مایوسی کے شکار افراد کو مشورہ دیا کہ وہ روشنیوں سے دور بھاگنے کے بجائے اپنے اندر کی روحانی روشنی اور خوشی کو تلاش کرکے زندگی کو پرسکون گزاریں۔
اداکارہ نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ انہیں بہت زیادہ کام کرکے خود کو تھکانا نہیں چاہئیے۔
ماورا حسین نے اپنی ذہنی صحت پر بات کرتے ہوئے لکھا کہ وہ سکون چاہتی تھیں، وہ صرف اور صرف گھر تک رہنا چاہتی تھیں۔
اداکارہ نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی صحت یا خود پر توجہ دینے کے معاملے پر شرمسار نہ ہوں اور اپنی ذات کا خیال رکھنا ہر کسی کی ترجیح ہونی چاہئیے۔
ماورا حسین نے لکھا کہ اگر 2020 نے انہیں کچھ سکھایا اور سمجھایا تو وہ یہ تھا کہ اپنی ذات، وجود اور صحت کا خیال رکھا جانا چاہئیے اور ہر کسی کو اپنی آواز سننی چاہئیے۔
انہوں نے ڈپریشن اور ذہنی پریشانیوں کے باعث تنہائی کے شکار افراد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
مذکورہ پوسٹ سے قبل ماورا حسین نے جنوری 2020 میں ڈپریشن اور انزائٹی کے شکار ہونے کا اعتراف کیا تھا۔
انہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اس وقت لکھا تھا کہ انہیں ایک سال قبل پتا چلا تھا کہ وہ انزائٹی کا شکار ہیں لیکن اب وہ اس بات پر شرمندہ نہیں۔
ماورا حسین نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ وہ ڈپریشن سے نجات کے لیے تھراپسٹ کے پاس بھی جاتی رہیں، جنہوں نے انہیں بتایا کہ وہ جتنا زیادہ اس سے ڈریں گی ان کی صورتحال اور خراب ہوجائے گی اور اسی دن انہوں نے فیصلہ کیا کہ اب وہ ڈہریشن سے خوفزدہ نہیں ہوں گی۔
اب تین سال بعد ذہنی صحت کے عالمی دن کے موقع پر انہوں نے ایک بار پھر ذہنی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے دوسرے لوگوں کو بھی اپنی ذہنی صحت کا خیال رکھنے کا مشورہ دیا۔