• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ذہنی مسائل کا شکار رہی ہوں، پاگل خانے بھجوانے کی باتوں میں سچائی نہیں، میرا

شائع October 10, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

ماضی کی مقبول اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ امریکا میں انہیں پاگل خانے بھجوانے کی خبروں میں کوئی سچائی نہیں، اس طرح کی خبریں اداکاروں سے متعلق پھیلائی جاتی رہی ہیں، البتہ انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ ذہنی مسائل کا شکار رہی ہیں۔

اداکارہ میرا سے متعلق چہ مگوئیاں رہتی ہیں کہ ان کا ذہنی توازن درست نہیں اور عام طور پر ان کے انگریزی بولنے سمیت دیگر باتوں پر ان کا مذاق بھی اڑایا جاتا رہا ہے۔

ماضی میں یہ اطلاعات بھی تھیں کہ ایک بار امریکا میں انہیں پاگل خانے بھجوا دیا گیا تھا اور یہی سوال حال ہی میں ان سے ایک ٹی وی میزبان نے بھی کیا۔

اداکارہ میرا نے حال ہی میں ’سنو نیوز‘ کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے متعدد مسائل پر بات کرنے سمیت اپنی ذہنی صحت پر بھی کھل کر بات کی۔

اداکارہ سے جب سالانہ کمائی سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے واضح جواب دینے سے انکار کیا اور کہا کہ وہ کام کرنے کا بہت زیادہ معاوضہ لیتی ہیں لیکن اپنی کمائی نہیں بتا سکتیں۔

کمائی کے دیگر ذرائع سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بھی انہوں نے جواب دینے سے انکار کیا اور کہا کہ وہ کسی کو یہ بتانے کی پابند نہیں کہ ان کی کمائی کے دیگر کون سے ذرائع ہیں۔

کس ہدایت کار کے ساتھ کام کرنا چاہیں گی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ ان کے ساتھ کون کام کرنا چاہے گا؟

میرا کا کہنا تھا کہ اہم بات یہ نہیں کہ وہ کن کے ساتھ کام کرنا چاہیں گی لیکن اصل بات یہ ہے کہ ان کے ساتھ کون کام کرنا چاہے گا؟

انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش رکھنے والے ہدایت کاروں اور پروڈیوسرز کو سامنے آنا چاہیے، ان سے ملنا چاہیے، انہیں پیش کش کرنی چاہیے، انہیں کام سے متعلق سمجھانا چاہیے اور وہ اچھے لوگوں کے ساتھ ضرور کام کریں گی۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے 150 سے زیادہ فلموں میں کام کیا اور انہیں تقریباً اپنی تمام فلمیں پسند ہیں۔

پروگرام کے دوران میرا کی والدہ نے دعویٰ کیا کہ ان کی بیٹی کو اب تک بولی وڈ سے کام کی پیش کش ہوتی ہے لیکن بھارت پردیس ہے اور وہاں وہ میرا کو اکیلا نہیں بھیج سکتیں، اس لیے وہ کام نہیں کرتیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں اداکارہ میرا نے اس بات پر افسوس کیا کہ انہوں نے ’جب تک ہے جان‘ نامی بولی وڈ فلم میں کام کرنے سے انکار کیا، ان کے مطابق اس وقت فلم ساز یش راج چوپڑا زندہ تھے، جنہوں نے انہیں فلم میں کام کی پیش کش کی تھی۔

کیا آپ کو امریکا میں پاگل خانے بھجوایا گیا تھا کہ سوال پر میرا نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ایسی باتیں اداکاروں کے لیے کوئی نئی بات نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اداکاروں کے لیے نئی خبریں اور اسکینڈلز آتے رہتے ہیں لیکن انہیں پاگل خانے بھجوانے کی بات میں کوئی صداقت نہیں۔

میرا نے کہا کہ البتہ وہ متعدد بار ہسپتال گئی ہیں، انہوں نے کبھی اپنی جلد تو کبھی دیگر صحت کے مسائل کا علاج کروایا جب کہ انہیں بھی دیگر افراد کی طرح ذہنی مسائل ہوئے تھے اور سب ہی لوگ ذہنی مسائل کا شکار ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کا مذاق اڑانے والوں کے لیے وہ روزی روٹی کا ذریعہ بنی ہوئی ہیں، لوگ ان کی کاپی کرکے پیسے کما رہے ہیں اور وہ خدا کی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے انہیں وہ مقام عطا کیا کہ لوگ ان کی کاپی کرکے رزق کما رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024