• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm

صداقت علی عباسی پی ٹی آئی سے مستعفی، سیاست چھوڑنے کا اعلان

شائع October 10, 2023
صداقت علی عباسی نے اپنے اِس فیصلے کا اعلان ایک لائیو ٹی وی انٹرویو کے دوران کیا— فائل فوٹو: ٹوئٹر / احتشام علی عباسی
صداقت علی عباسی نے اپنے اِس فیصلے کا اعلان ایک لائیو ٹی وی انٹرویو کے دوران کیا— فائل فوٹو: ٹوئٹر / احتشام علی عباسی

رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) صداقت علی عباسی نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور سیاست سے کنارہ کشی کرلی، انہوں نے اپنے اِس فیصلے کا اعلان لائیو ٹی وی انٹرویو کے دوران کیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ’ڈان نیوز‘ پر گزشتہ روز نشر کیے جانے والے انٹرویو کے دوران صداقت علی عباسی نے پی ٹی آئی کے اسٹیبلشمنٹ مخالف ایجنڈے کی سختی سے مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے حامی اسٹیبلشمنٹ اور مختلف سرکاری اداروں کے خلاف متشدد خیالات رکھتے ہیں، جس نے اُن کے بقول ریاست کو کافی زیادہ نقصان پہنچایا۔

صداقت علی عباسی کئی ماہ سے عوام کی نظروں سے غائب تھے اور خیال کیا جا رہا تھا کہ انہیں 9 مئی کے واقعات کے بعد اٹھا لیا گیا تھا۔

انٹرویو کے دوران وہ یہ واضح کرنے سے قاصر نظر آئے کہ اتنے مہینوں کے بعد وہ اچانک 9 مئی کو ہونے والے پُرتشدد واقعات کی مذمت کرنے کے لیے کیوں منظرِعام پر آگئے۔

جب ان سے اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے صرف اتنا کہا کہ میں 9 مئی کا واقعہ ہونے کے بعد ایک ماہ تک ایک دوست کے پاس رہا، پھر میں فیملی کے ساتھ گلگت بلتستان چلا گیا۔

صداقت علی عباسی نے انٹرویو کے دوران اعلان کیا کہ وہ سیاست چھوڑ رہے ہیں کیونکہ وہ 9 مئی کے واقعات کا بوجھ اپنے کندھوں پر نہیں اٹھا سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں ایسی کسی چیز کے ساتھ کھڑا نہیں ہونا چاہتا جس سے میرے ملک کو ذرہ برابر بھی نقصان پہنچے۔

انہوں نے عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا یہ بات عام تھی کہ اگر وہ گرفتار ہو گئے تو پارٹی کارکنان سڑکوں پر نکل آئیں گے اور ان اداروں سے ٹکرا جائیں گے جن کے انہوں نے نام لیے، اس سے یہ واضح ہو گیا تھا کہ اب یہ لڑائی سیاسی نہیں رہی بلکہ اب یہ ایک مخصوص ادارے کے ساتھ لڑائی ہے۔

ان سے سوال کیا گیا کہ پی ٹی آئی صورتحال کو مؤثر طریقے سے کیوں نہ سنبھال سکی؟ جواب میں صداقت علی عباسی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ’سخت مؤقف‘ رکھنے والے لوگوں سے متاثر ہوچکے تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے اقدامات کے نتائج کا درست اندازہ نہیں لگایا تھا اور جب انہیں احساس ہوا تو بہت دیر ہو چکی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024