• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

آسٹریلیا بھارت میچ کے دوران برطانوی پرینکسٹر میدان میں داخل، سیکیورٹی انتظامات پر سوالیہ نشان لگ گیا

شائع October 8, 2023
فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں ایک شخص سخت سیکیورٹی اور باڑ کی خلاف ورزی کرکے فیلڈ میں داخل ہو کر سپر اسٹار ویرات کوہلی اور دیگر کھلاڑیوں کے انتہائی قریب پہنچ گیا جس سے بھارت میں دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ مقابلوں کے لیے کیے گئے سیکیورٹی اقدامات پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق برطانوی یوٹیوب پرینکسٹر ڈینیئل جارویس نے چنئی کے ایم اے چدم برم اسٹیڈیم میں تقریباً 30 ہزار شائقین کے ہجوم کو اس وقت حیران کر دیا جب وہ بھارتی ٹیم کی شرٹ پہنے نظر آئے جس کی پشت پر ’جاروو 69‘ لکھا ہوا تھا۔

اسی دوران ویرات کوہلی میدان میں موجود ڈینیئل جارویس سے بات کرنے کے لیے آگے بڑھے لیکن سیکیورٹی اہلکار انہیں واپس لے گئے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے کہا کہ وہ اس بات پر غور کریں گے کہ کیا آئندہ اس طرح کی چیزوں کی روک تھام کے لیے اضافی سیکیورٹی اقدامات کی ضرورت ہو گی۔

کھیل کی عالمی گورننگ باڈی نے کہا کہ فیلڈ میں داخل ہونے والے شخص پر آئندہ کے میچوں میں شرکت پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور اب یہ معاملہ بھارتی حکام کے ہاتھ میں ہے۔

خیال رہے کہ ڈینیئل جارویس میدان میں تواتر سے داخل ہونے کا بدترین ریکارڈ رکھتے ہیں جہاں وہ اس سے قبل 2021 میں بھارت کے خلاف انگلینڈ کی ہوم ٹیسٹ سیریز میں 3 مرتبہ میدان میں داخل ہوئے تھے۔

اس دوران انگلینڈ کے کھلاڑی جونی بیئراسٹو کے ساتھ تصادم پر انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس پر کرکٹ جرنلسٹ بین گارڈنر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر سوال کیا کہ جارویس نے کس طرح ویزا حاصل کی جبکہ کسی ایک پاکستانی صحافی کو ویزا جاری نہیں کیا گیا۔

پاکستانی میڈیا اور شائقین کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے ویزوں میں تاخیر پر بھارت پر شدید غم و غصے کا اظہار کر چکے ہیں۔

پاکستانی ٹیم کو ویزا بھی تاخیر سے جاری کیے گئے تھے اور اب ورلڈ کپ شروع ہوئے چار دن گزر جانے کے باوجود اب تک پاکستانی صحافیوں اور شائقین کو ویزے جاری نہیں کیے گئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024