• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm

نمیرہ سلیم خلا کا سیاحتی سفر کرنے والی پہلی پاکستانی بن گئیں

شائع October 7, 2023
— فائل فوٹو: انسٹاگرام
— فائل فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی خلا باز نمیرہ سلیم نے خلا میں پہنچ کر نئی تاریخ رقم کر دی، وہ خلا کا سیاحتی سفر کرنے والی پہلی پاکستانی بن گئی ہیں۔

نمیرہ سلیم نے گزشتہ روز 2004 میں قائم ہونے والی کیلیفورنیا کی ورجن گیلیکٹک کے نام سے نجی خلائی پرواز کمپنی کے ذریعے خلا میں سفر کے لیے امریکا پہنچی تھیں۔

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی وقت کے مطابق گزشتہ رات 8 بجکر 40 منٹ پر روز ورجن گیلیکٹک کمرشل اسپیس لائنر کا گلیکٹک 04 نامی مشن نیو میکسیکو کے اسپیس پورٹ سے روانہ ہوا تھا۔

اس مشن پر نمیرہ سلیم سمیت 3 سیاحوں نے خلا کا سفر کیا جن میں برطانوی ایڈورٹائزنگ ایگزیکٹو ٹریور بیٹی اور امریکی فلکیات رون روزانو شامل تھے۔

خلائی سفر کے مشن میں خلاباز زمین کے مدار سے باہر گئے تھے، یہ خلائی جہاز زمین سے 54.3 میل کی بلندی پر گیا تھا۔

ورجن گلیکٹک نے سوشل میڈیا پر خلائی جہاز کے اندر کی ویڈیوز بھی شئیر کیں۔

خلا کے سفر کے بعد خلائی پرواز رات 9 بجکر 43 منٹ پر زمین پر لینڈ کر گئی تھی۔

دبئی میں مقیم پاکستانی ایڈونچرر نمیرہ سلیم اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے 17 سال تک انتظار کیا ہے، انہوں نے اس خلائی سفر کے لیے 2006 میں خلائی سفر کا ٹکٹ 2 لاکھ ڈالرز ادا کرکے خریدا تھا۔

کامیاب خلائی سفر کے بعد نمیرہ سلیم نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’خلا سے زمین پر واپس تک کا سفر، پہلی پاکستانی خلا باز، پہلی خاتون ورجن گیلیکٹک خلاباز‘۔

نمیرہ سلیم کون ہیں؟

نمیرہ سلیم پاکستانی خلا باز جو دبئی میں مقیم ہیں، حکومتِ پاکستان نے 2006 میں نمیرہ سلیم کو پہلی پاکستانی خلا باز قرار دیا تھا۔

نمیرہ سلیم کے پاس اپریل 2007 میں قطب شمالی اور جنوری 2008 میں قطب جنوب تک پہنچنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہونے کا بھی اعزاز موجود ہے۔

یہی نہیں نمیرہ سلیم کو 2008 میں ماؤنٹ ایورسٹ پر اسکائی ڈائیو کرنے والی پہلی ایشیائی اور پہلی پاکستانی خاتون ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے، اِنہیں 2011 میں تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

خاتون خلاباز کو خلائی تحقیق سے متعلق ان کے جنون اور جذبے کے لیے 2016 میں فیمینا مڈل ایسٹ ویمن ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

نمیرہ سلیم کا کہنا تھا کہ ’میں ہمیشہ کہتی ہوں کہ اسپیس میرے ڈی این اے میں ہے، میں جب بہت چھوٹی تھی تو میں اپنے والدین سے کہتی تھی کہ مجھے کھلونوں سے نہیں کھیلنا، میں اسپیس میں جانا چاہتی ہوں اور جب میں 14 سال کی ہوئی تو میرے والد نے مجھے پہلی بار دوربین خرید کر دی۔‘

نمیرہ سلیم نے عرب نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ’جنوری 2006 کو میں نے ورجن گیلیکٹک کے ساتھ معاہدہ کیا تھا اور ایک ٹکٹ خریدا تھا، لیکن اس وقت کون جانتا تھا کہ اس خواب کو پورا کرنے کے لیے 17 سال لگیں گے۔‘

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024