• KHI: Fajr 5:03am Sunrise 6:19am
  • LHR: Fajr 4:26am Sunrise 5:48am
  • ISB: Fajr 4:29am Sunrise 5:53am
  • KHI: Fajr 5:03am Sunrise 6:19am
  • LHR: Fajr 4:26am Sunrise 5:48am
  • ISB: Fajr 4:29am Sunrise 5:53am

’یہ ترانہ آئی سی سی کے آفیشل ترانے سے بہتر ہے‘، پی سی بی نے گانے کی ویڈیو جاری کردی

شائع October 6, 2023
— فائل فوٹو: اسکرین شاٹ
— فائل فوٹو: اسکرین شاٹ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیے ترانہ جاری کرنے کے بعد شائقین نے گانے کو آئی سی سی کے آفیشل ترانے سے لاکھ گنا بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتیوں کو اب پاکستان سے میوزک کی کلاسز لے لینی چاہئیں۔

گزشتہ روز پی سی بی نے ورلڈ کپ کے لیے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر پاکستان کرکٹ شائقین کے لیے نیا ترانہ جاری کیا۔

’کیونکہ جنون اور لگن میں، کوئی نہیں لائک اَس (Like us)‘ کے ٹائٹل سے جاری 4 منٹ اور 18 سیکنڈ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جسے شائقین کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

ویڈیو میں یہ دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ پاکستانیوں میں کرکٹ کا جنون ہے اور اسی کھیل کی بدولت لوگ ایک دوسرے کے قریب ہیں۔

جوش سے بھرپور گانے کی دھن، کمپوزیشن اور میوزک کے ذریعے ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنے کا پیغام دیا گیا ہے۔

گانے میں زیادہ تر ریپرز نے اپنی بہترین پرفارمنس سے شائقین کے دل جیت لیے ہیں، احسن مغل، ایچ وائے ڈی آر اور قرۃ العين بلوچ، میوزک بینڈ ینگ اسٹنرز کی سریلی آوازیں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ گانے کی ویڈیو میں اینی میشن (animation) اور سنیماٹوگرافی کی بھی خوب تعریفیں کی گئی ہیں۔

گانے کی ویڈیو جاری ہوتے ہیں کرکٹ شائقین کا کہنا تھا کہ یہ ترانہ آئی سی سی کے آفیشل ترانے سے بہت بہتر ہے۔

سوشل میڈیا صارف فریحہ نے لکھا کہ ’اس کو کہتے ہیں ترانہ‘۔

نقا نامی صارف نے لکھا کہ ’یہ ترانہ آفیشل ترانے سے 100 گنا بہتر ہے‘، انہوں نے بھارتیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ لوگ ہمارے گانے کاپی کر سکتے ہیں لیکن ہمارے ٹیلنٹ کو ہرا نہیں سکتے‘۔

بھارتی صارف نشی پٹیل نے لکھا کہ ’آپ مجھ سے اتفاق کریں یا دیوار سے بحث کریں لیکن پاکستان کرکٹ کا یہ ترانہ بہترین ہے۔‘

ایک اور صارف نے ویڈیو میں شاہین آفریدی کے ساتھ عقاب کی Animation کی تعریف کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

عمیر نے لکھا کہ ’یہ ایک اور چیز ہے جو ہم اپنے پڑوسیوں کو سکھا سکتے ہیں‘۔

قاسم محمود نے لکھا کہ ’یہ بہترین ہے، بلکہ ورلڈکپ کے آفیشل گانے سے بھی بہتر ہے۔‘

یاد رہے کہ 20 ستمبر کو آئی سی سی کی جانب سے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے آفیشل ترانے کی ویڈیو جاری کی گئی تھی، ترانے کی دھن بولی ووڈ کے مشہور موسیقار پریتم چکرورتی نے تیار کی تھی جبکہ نامور اداکار رنویر سنگھ نے ویڈیو میں پرفارم کیا تھا۔

’دل جشن بولے‘ کے ٹائٹل سے جاری ترانے کی ویڈیو میں شائقین کے کرکٹ کے جذبے اور جوش کی منظر کشی کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن لوگوں کو یہ گانا پسند نہیں آیا اور سوشل میڈیا پر شدید تنقید بھی کی گئی۔

اس دوران گلوکار علی ظفر نے بھی شائقین کی بھرپور فرمائش پر ورلڈ کپ کے لیے نیا ترانہ جاری کرنے کا وعدہ کیا تھا، حال ہی میں انہوں نے مداحوں کو آگاہ کیا تھا کہ نئے ترانے پر کام جاری ہے، گانے کا ٹائٹل ’مزہ آیا‘ ہوگا۔

اب علی ظفر ورلڈ کپ کا نیا ترانہ کب جاری کریں گے، اس حوالے سے انہوں نے تفصیلات شیئر نہیں کیں لیکن یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ آج قومی ٹیم اپنا ورلڈ کپ کا پہلا میچ نیدرلینڈ کے خلاف کھیلنے جارہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 16 ستمبر 2024
کارٹون : 15 ستمبر 2024