• KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:11am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:38am Sunrise 7:07am
  • KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:11am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:38am Sunrise 7:07am

ریتک روشن اور سونم کپور سمیت دیگر بولی وڈ شخصیات کی ماہرہ کو شادی کی مبارک باد

شائع October 5, 2023
— فائل فوٹو: انسٹاگرام
— فائل فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی فلم ’رئیس‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ کردار ادا کرنے والی پاکستان کی نامور اداکارہ ماہرہ خان کی شادی پر ریتک روشن اور سونم کپور سمیت بولی وڈ کی دیگر مقبول شخصیات نے مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ماہرہ خان نے 4 اکتوبر کو اپنی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز انسٹاگرام پر شیئر کی تھیں جب کہ ان کی منیجر اور بھائی سہیل خان نے 2 اکتوبر کو اداکارہ کی شادی کی تصدیق کی تھی۔

ماہرہ خان نے اپنے دیرینہ دوست صنعت کار سلیم کریم سے پنجاب کے سیاحتی مقام مری میں شادی کی تھی اور شادی کے موقع پر اداکارہ کے بیٹے اذلان بھی ان کے ہمراہ دکھائی دیے تھے۔

ماہرہ خان کی یہ دوسری شادی تھی، اس سے قبل انہوں نے پہلی شادی 2007 میں علی عسکری سے کی تھی، جن سے انہیں بیٹا اذلان ہے جن کی پیدائش 2008 میں ہوئی تھی۔

اداکارہ کی جانب سے انسٹاگرام پر شادی کی تصاویر شئیر کرنے کے بعد ساتھی اداکاروں سمیت مداحوں نے مبارک باد کے پیغامات بھیجے۔

سجل علی، حرا مانی، یمنیٰ زیدی، وہاج علی، عدنان صدیقی، عمران عباس، بلال قریشی اور دیگر اداکاروں نے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اسی دوران بولی وڈ شخصیات نے بھی ماہرہ خان کو شادی کی مبارک باد دیتے ہوئے ان کی تعریف کی۔

مقبول اداکار ریتک روشن نے ماہرہ خان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’خوبصورت، مبارک ہو، خدا آپ دونوں پر اپنی رحمت نازل فرمائے‘۔

اداکارہ مونی رائے، ملائیکہ اروڑہ نے بھی ماہرہ خان کی خوبصورتی کی تعریف کی۔

مونی رائے نے لکھا کہ ’آپ دونوں کو میرے دل کی گہرائیوں سے مبارک ہو، خدا کرے آپ لوگوں کی زندگی کا آگے کا سفر خوبصورت ہو‘۔

اداکارہ سونم کپور نے لکھا کہ ’مبارک ہو، خوبصورت لڑکی، خدا آپ دونوں کو خوش رکھے۔‘

اداکارہ زرین خان نے بھی ماہرہ خان کو شادی کی مبارک دی۔

اس کے علاوہ بولی وڈ کی نامور ہدایت کار ریا کپور نے بھی ماہرہ خان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مبارک دی۔

یہی نہیں بلکہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے بھی دل والے ایموجی کے ساتھ ماہرہ خان کو ان کی شادی پر مبارکباد پیش کی۔

ماہرہ خان نے 2017 میں اپنی بولی وڈ کی پہلی فلم ’رئیس‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کیا تھا۔

بولی وڈ میں یہ ان کے کریئر کی پہلی فلم تھی جسے مداحوں نے بے حد سراہا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2024
کارٹون : 17 دسمبر 2024