سجل اور وہاج علی کی نئی ویب سیریز ’دی پنک شرٹ‘ کا سڈنی میں ورلڈ پریمیئر
بھارتی ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم زی فائیو کے لیے بنائی گئی پاکستانی اداکارہ سجل علی اور اداکار وہاج علی کی ویب سیریز ’دی پنک شرٹ‘ کا پریمیئر سائوتھ ویسٹ فلم فیسٹیول سڈنی میں ہوگا۔
ڈیڈ لائن کی رپورٹ کے مطابق 8 قسطوں پر مشتمل ویب سیریز کا ورلڈ پریمیئر سائوتھ ویسٹ فلم فیسٹیول سڈنی 2023 میں 16 اکتوبر کو پیلس سنٹرل سنیما میں ہوگا۔
ویب سیریز میں سجل علی نے صوفیہ اور وہاج علی نے عمر کا کردار ادا کیا ہے، دونوں اداکار مرکزی کردار ادا کریں گے۔
ویب سیریز کی کہانی عمر اور صوفیہ کے گرد گھومتی ہے، جس میں دکھایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر دونوں ایک دوسرے کو پسند نہیں کرتے لیکن آخر میں دونوں ایک دوسرے کو پسند کرنے لگتے ہیں۔
اپنے سخت مزاج والے شوہر (سمیر) کی دردناک یادوں سے چھٹکارا پانے کے دوران صوفیہ کی عمر نامی نوجوان بزنس مین سے غیر متوقع ملاقات ہوتی ہے۔
دوسری جانب عمر بھی اپنی منگیتر سارہ سے شادی نہیں کرنا چاہتا، عمر اور صوفیہ کی زندگی میں ایک جیسی مشکلات اور پریشانیاں انہیں ایک دوسرے کے قریب لاتی ہیں اور اسی طرح دونوں کی رومانوی کہانی شروع ہوتی ہے۔
اس کہانی میں عمر اور صوفیہ سے جڑے کئی واقعات شامل کیے گئے ہیں جو دونوں کے رشتوں میں دڑاریں بھی پیدا کرتے ہیں، رشتوں میں مسائل اور رومانوی کہانی کے علاوہ اس میں کامیڈی کا عنصر بھی شامل کیا گیا ہے۔
’دی پنک شرٹ‘ بھارٹی انٹرٹینمنٹ پلیٹ فارم زندگی کی تخلیق کردہ ویب سیریز ہے، یہ واحد جنوبی ایشیائی سیریز ہے جسے ساؤتھ ویسٹ فلم فیسٹول سڈنی 2023 کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
ممکنہ طور پر سجل علی اس فیسٹیول میں ڈائریکٹر کاشف نثار، رائٹر بی گل، اور پروڈیوسر شیلجا کیجریوال کے ہمراہ شرکت کریں گی۔
سجل علی نے اپنی ویب سیریز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’دی شرٹ میں کام کرکے بہت اچھا لگا، میں نے انسانی رشتوں میں آنے والے مسائل اور پیچیدگیوں کو قریب سے دیکھا جس کی مجھے توقع نہیں تھی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’دی پنک شرٹ‘ میں کردار ادا کرنا ایک اہم چیلنج رہا ہے، کہانی کے لیے ہمیں اپنے جذبات اور کمزوریوں کو تلاش کرنے کی ضرورت تھی، جس نے بطور اداکار میری صلاحیتوں کو مزید نکھارا ہے۔
سجل علی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویب سیریز میں اپنے کردار کی جھلک بھی شئیر کی جس میں اداکارہ کو بظاہر رقص کرتےہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
قبل ازیں اپلاس انٹرٹینمنٹ کی جانب سے ویب سیریز کا پوسٹر بھی شئیر کیا گیا تھا۔
قبل ازیں بھارتی ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم کے لیے بنائی گئی پاکستانی ویب سیریز ’فرار‘ کا پریمیئر 23 ستمبر 2023 کو 14ویں سالانہ شکاگو ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول میں ہوا تھا۔
اس سیریز میں پاکستانی اداکارہ ثروت گیلانی نے بھی مرکزی کردار ادا کیا تھا۔