• KHI: Maghrib 6:04pm Isha 7:24pm
  • LHR: Maghrib 5:21pm Isha 6:47pm
  • ISB: Maghrib 5:22pm Isha 6:49pm
  • KHI: Maghrib 6:04pm Isha 7:24pm
  • LHR: Maghrib 5:21pm Isha 6:47pm
  • ISB: Maghrib 5:22pm Isha 6:49pm

پہلی بار عامر خان اور سنی دیول ’لاہور 1947‘ کے لیے اکٹھے

شائع October 3, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ کہلانے والے عامر خان نے پہلی بار فلموں میں پاکستان دشمن کردار ادا کرنے والے اداکار سنی دیول کے ساتھ مشترکہ فلم ’لاہور 1947‘ بنانے کا اعلان کردیا۔

عامر خان پروڈکشن کی جانب سے انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی گئی کہ ’لاہور 1947‘ نامی فلم میں سنی دیول اداکاری کرتے دکھائی دیں گے اور مذکورہ فلم کی راج کمار سنتوشی ہدایات دیں گے۔

بیان میں اگرچہ تینوں شخصیات کی شراکت داری کی تصدیق کی گئی، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا گیا کہ فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا اور اس کی دیگر کاسٹ میں کون سے اداکار شامل ہوں گے۔

پوسٹ میں اس بات کی بھی کوئی وضاحت نہیں کی گئی کہ ’لاہور 1947‘ میں خود عامر خان بھی اداکاری کرتے دکھائی دیں گے یا نہیں؟ تاہم امکان ہے کہ وہ خود بھی اس میں کام کرتے نظر آئیں گے۔

عامر خان بھی تقسیم برصغیر کی کہانی پر بنائی گئی چند فلموں میں کام کر چکے ہیں جب کہ سنی دیول بھی ’غدر‘ سیریز سمیت اسی طرح کی دوسری فلموں میں نظر آ چکے ہیں۔

تاہم عام طور پر سنی دیول تقسیم برصغیر کے موضوع پر بنائی گئی بولی وڈ کی پروپیگنڈا یعنی پاکستان مخالف فلموں میں کام کر چکے ہیں جب کہ عامر خان عام طور پر غیر جانبدار کردار ادا کرتے دکھائی دیتے رہے ہیں۔

اگرچہ یہ واضح نہیں ہے کہ ’لاہور 1947‘ کی کہانی کیا ہوگی، تاہم نام سے عندیہ ملتا ہے کہ فلم کی کہانی تقسیم برصغیر پر مبنی ہوگی اور فلم میں زیادہ تر پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کا پرانا زمانہ دکھایا جائے گا۔

یہ پہلا موقع ہوگا کہ عامر خان اور سنی دیول کسی بھی فلم کے لیے مل کر کام کریں گے، اس سے قبل ہمیشہ دونوں کے درمیان فلموں کی ریلیز کے موقع پر لڑائی ہوتی رہی ہے۔

عامر خان اور سنی دیول نے تقریباً ایک ساتھ فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور دونوں کی سنیماؤں میں بیک وقت فلمیں ریلیز بھی ہوئیں، سال 1990 میں جب عامر خان کی ’دل‘ ریلیز ہوئی تو سنی دیول کی ’گھایل‘ ریلیز ہوئی۔

اسی طرح 1996 میں عامر خان کی ’راجا ہندوستانی‘ ریلیز ہوئی تو سنی دیول کی ’گھاتک‘ ریلیز ہوئی اور 2001 میں عامر خان کی ’لگان‘ ریلیز ہوئی تو سنی دیول کی ’غدر‘ ریلیز ہوئی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ’لاہور 1947‘ کی ہدایات دینے والے فلم ساز راج کمار سنتوشی دونوں اداکاروں کی فلموں کی ہدایات دے چکے ہیں۔

انہوں نے عامر خان اور سلمان خان کی مقبول فلم ’انداز اپنا اپنا‘ کی ہدایات دیں جب کہ انہوں نے سنی دیول کی ’گھایل اور گھاتک‘ سمیت دیگر فلموں کو بھی بنایا اور ان کی بنائی گئی زیادہ تر فلمیں مقبول ہوئیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025