• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

دہشت گردوں کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں، یہ پاکستان کے دشمنوں کی پراکسیز ہیں، آرمی چیف

شائع September 30, 2023
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو مستونگ دھماکے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی—فائل/فوٹو: آئی ایس پی آر
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو مستونگ دھماکے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی—فائل/فوٹو: آئی ایس پی آر

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آرام سے نہ بیٹھنے کا عزم دہراتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا مذہب اور نظریے سے کوئی تعلق نہیں ہے اور یہ پاکستان اور اس کے عوام کے دشمنوں کی پراکسیز ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہیں مستونگ اور ژوب میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے حملوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ بریفنگ میں نگران وفاقی وزیر داخلہ، نگران وزیراعلیٰ بلوچستان اور دیگر اہم صوبائی وزرا اور اعلیٰ سول اور عسکری عہدیدار بھی شریک تھے، شرکا نے مستونگ، ہنگو اور ژوب میں پیش آنے والے واقعات میں شہید افراد کے لیے فاتحہ کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ چیف آف آرمی اسٹاف نے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ 12 ربیع الاول کو دہشت گردی کے اس طرح کے حملوں سے خوارج کے مذموم ارادے ظاہر ہوتے ہیں، جنہیں دہشت گردی کے لیے ریاستی پشت پناہی حاصل ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ان دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مذہب اور نظریے سے کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ پاکستان اور اس کے عوام کے دشمنوں کی پراکسیز ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ ان برائی کی طاقتوں کو مسلسل ریاست کی طاقت اور بہادر عوام کی مدد سے مسلح افواج کا سامنا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف ہماری کارروائیاں جاری رہیں گی اور مسلح افواج، خفیہ ایجنسیاں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ملک سے دہشت گردی کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ نہیں ہوتا۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کے عوام نے دہشت گردوں کا نام نہاد نظریہ اور ان کے سہولت کاروں کا ایجنڈا مسترد کردیا ہے اور عوام امن، معاشی ترقی اور انسانی بہبود کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں جو یقینی طور پر پاکستان کے اندر اور باہر برائی کی طاقتوں کے لیے مکمل طور پر تباہی کا باعث ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مستونگ حملے کے زخمیوں اور ان کے خاندانوں سے ملاقاتیں کیں، جنہیں پاک فوج کی اجنب سے مکمل طبی امداد دی جا رہی ہے۔

اس موقع پر آرمی چیف نے بلوچستان کی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہادری اور عزم کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے شہدا کے خاندانوں کے ساتھ مکمل تعاون اور مدد کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ یقین دلاتے ہیں دہشت گردوں، ان کے معاونین اور سہولت کاروں کا خاتمہ کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ اس سے قبل جب چیف آف آرمی اسٹاف کوئٹہ پہنچے تو بلوچستان کے نگران وزیراعلیٰ اور کورکمانڈر بلوچستان نے ان کا استقبال کیا۔

مستونگ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 59 ہوگئی

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) مستونگ عبدالرشید محمد شہی نے بتایا کہ مستونگ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 59 ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواب غوث بخش ہسپتال مستونگ اور دوسرے ہسپتال میں لائی گئیں تمام لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردی گئیں۔

سول ہسپتال کوئٹہ کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ نے بتایا کہ بی ایم سی میں ایک اور سول ہسپتال ٹراما سینٹر سے 7 لاشیں ان کے ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ مستونگ دھماکے میں 60 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے، سی ایم ایچ کوئٹہ اور سول ہسپتال ٹراما سینٹر میں 25 زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024