• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

والد سے بھی بڑے ریتیک روشن کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ہے، عینا آصف

شائع September 30, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

مقبول ڈرامے ’مائی ری‘ میں کم عمر دلہن اور کم عمر والدہ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ عینا آصف نے کہا ہے کہ وہ جانتی ہیں کہ ریتیک روشن ان کے والد سے بھی زائد العمر ہیں لیکن ان کی خواہش ہے کہ وہ ان کے ساتھ کام کریں۔

عینا آصف نے ’مائی ری‘ میں عینی نامی نوعمر لڑکی کا کردار ادا کیا تھا، جس کی دوران تعلیم شادی کروا دی جاتی ہے اور پھر ان کے ہاں کم عمری میں ہی بچے کی پیدائش ہوجاتی ہے۔

’مائی ری‘ کی کہانی چائلڈ میریج کے مسئلے کے گرد گھومتی تھی اور اس میں نعمان اعجاز اور ماریہ واسطی سمیت دیگر اہم اداکاروں نے بھی کردار ادا کیے تھے۔

ڈرامے میں کم عمری کی شادی اور کم عمری میں والدین کے کرداروں کو دکھانے پر ڈرامے کی ٹیم پر تنقید بھی کی گئی تھی، تاہم اس میں اداکاری کرنے والی عینا آصف اور ثمر جعفری کی اداکاری کو سراہا بھی گیا۔

حال ہی میں دونوں نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں دونوں نے شوبز سمیت دیگر معاملات پر کھل کر باتیں کی۔

ایک سوال کے جواب میں ثمر جعفری نے کہا کہ ابھی وہ 20 سال کے ہیں اور وہ مزید 20 سال تک شادی نہیں کریں گے۔

اسی طرح انہوں نے وہاج علی کو سب سے بہترین اداکار قرار دیا جب کہ دوسرے نمبر پر احد رضا میر اور پھر بلال عباس کو انہوں نے بہترین اداکار قرار دیا۔

پاکستان کی بہترین اداکاراؤں پر بات کرتے ہوئے ثمر جعفری نے کہا کہ وہ ماہرہ خان کو اس فہرست میں شامل ہی نہیں کرتے جہاں ان کا کسی کے ساتھ مقابلہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ماہرہ خان کا موازنہ کسی کے ساتھ نہیں کرنا چاہیں گے، ان کے لیے وہ ہر موازنے سے بڑھ کر ہے اور ان جیسا اور کوئی نہیں۔

ثمر جعفری نے باقی اداکاراؤں میں صبا قمر کو بہترین قرار دیا اور ان کی طرح عینا آصف نے بھی صبا قمر کو سب سے بہترین اداکارہ قرار دیا۔

عینا آصف نے بہترین اداکاروں پر بات کرتے ہوئے پہلے نمبر پر احد رضا میر کو رکھا اور کہا کہ وہ انہیں ذاتی طور پر بھی پسند ہیں۔

عینا آصف نے دوسرے نمبر پر بلال عباس جب کہ تیسرے نمبر پر وہاج علی کو رکھا۔

شوبز سے ہونے والی کمائی سے متعلق بھی دونوں نے کھل کر بات کی اور اس بات کر شکرانے ادا کیے کہ انہیں جتنا بھی معاوضہ مل رہا، وہ صحیح ہے۔

اسی دوران ثمر جعفری نے بتایا کہ انہوں نے یوٹیوب پر ایک ویڈیو دیکھی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ان کی ملکیت 90 لاکھ روپے ہے اور وہ سن کر حیران رہ گئے اور ساتھ ہی دعا کی کہ خدا کرے ان کے پاس اتنی دولت آجائے۔

عینا آصف نے کہا کہ انہوں نے ایک ویڈیو دیکھی، جس میں بتایا گیا تھا کہ عینا آصف اور نعمان اعجاز کی کمائی ایک جتنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا کبھی ہو ہی نہیں سکتا، نعمان اعجاز اتنے سینیئر اور بڑے اداکار ہیں کہ ان جتنی کمائی کسی کی نہیں ہو سکتی۔

بولی وڈ میں کام کرنے کے سوال پر ثمر جعفری نے کہا کہ اگر انہیں موقع ملے تو وہ دپیکا پڈوکون، کترینہ کیف، عالیہ بھٹ اور کرینہ کپور کے ہمراہ کام کرنا چاہیں گے۔

اسی سوال پر عینا آصف نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے والد سے بھی زائد العمر ریتیک روشن کے ساتھ کام کرنا چاہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ جانتی ہیں کہ ریتیک روشن ان کے والد سے بھی زائد العمر ہیں لیکن ان کی خواہش ہے کہ وہ ان کے ساتھ اسکرین پر کام کریں اور انہیں ایسا کرکے خوشی ہوگی۔

ان کے مطابق ریتیک روشن انہیں بچپن سے ہی پسند ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024