ورلڈکپ وارم اپ میچ: گوہاٹی میں ٹاس کے بعد بارش کے باعث بھارت، انگلینڈ میچ ختم
بھارت کے شہر گوہاٹی میں شیڈول وارم اپ میچ بارش کی نذر ہوگیا جہاں میزبان ملک اور دفاعی چمپیئن انگلینڈ کے درمیان میچ کے لیے ٹاس بھی ہوگیا تھا تاہم کھیل ممکن نہ ہوسکا۔
گوہاٹی میں شیڈول میچ میں بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
روہت شرمات کا ٹاس جیتنے کے بعد کہنا تھا کہ گرمی کے علاوہ پہلے بیٹنگ کرنے کی کوئی خاص وجہ نہیں ہے، ہم چاہتے ہیں کہ شام میں ہمارے باؤلر تازہ دم رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ وارم اپ میچ ایک معمول ہے، جس سے پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس سے قبل 7 سے 8 اہم میچز کھیل چکے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ اپنے کھلاڑیوں کا خیال رکھتے ہوئے جو بہتر کر سکتے ہیں وہ کریں۔
انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ بھارت میں موجود ہیں جو خوشی کی بات ہے، آج کھیل کا موقع ہے تاہم وہ سفر کی وجہ سے زیادہ پرجوش نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے ساتھ پہلے میچ کے لیے تمام تیاریاں ہیں اور یہ میچ حالات اور گرمی سے ہم آہنگ ہونے کے لیے اہم تصور کر رہے ہیں۔
وارم اپ میچ کے لیے دونوں اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھا:
بھارتی اسکواڈ: روہت شرما (کپتان)، شمبن گل، ویرات کوہلی، شریاس ایر، کے ایل راہل (وکٹ کیپر)، ایشان کشن، سوریا کمار یادیو، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، ایشون، شیردل ٹھاکر، کلدیپ یادیو، محمد شامی، محمد سراج، جسپرت بمرا
انگلینڈ اسکواڈ: جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملان، جو روٹ، بین اسٹوکس، جوز بٹلر (کپتان، وکٹ کیپر)، لیام لیونگ اسٹون، معین علی، ہیری بروک، سیم کرن، ڈیوڈ ولی، کرس ووکس، عادل رشید، مارک ووڈ، گس اٹکنسن، ریس ٹوپلی
بھارت میں گزشتہ روز وارم اپ میچز کا آغاز ہوا تھا لیکن پہلے ہی دن جنوبی افریقہ اور افغانستان کے درمیان تھیرووانانتھاپورام میں شیڈول میچ بارش کے باعث ممکن نہ ہوسکا تھا۔
بارش کی وجہ سے دونوں ٹیموں کے درمیان ٹاس بھی نہیں ہوا تھا اور ایک گیند کا کھیل بھی نہیں ہوا تھا اور یوں میچ کو ختم کردیا گیا تھا۔
علاوہ ازیں گزشتہ روز پاکستان کو اپنے پہلے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست ہو گئی تھی، گرین شرٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے محمد رضوان کے سینچری کی مدد سے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 345 رنز بنائے تھے، جسے کیوی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 44 ویں اوور کی چوتھی گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔
ٹورنامنٹ کا پہلا میچ 5 اکتوبر کو ہوگا جبکہ پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدر لینڈ کے خلاف کھیلے گی اور پاک بھارت ٹاکرا 14 اکتوبر کو احمد آباد میں ہوگا۔