• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

ازبکستان: تاشقند ہوائی اڈے کے قریب گودام میں دھماکا، ایک شخص ہلاک، 162 زخمی

شائع September 28, 2023
24 زخمی افراد سنگین حالت میں ہسپتال میں زیرِعلاج ہیں — فائل فوٹو: رائٹرز
24 زخمی افراد سنگین حالت میں ہسپتال میں زیرِعلاج ہیں — فائل فوٹو: رائٹرز

ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں ہوائی اڈے کے قریب ایک گودام میں رات گئے ہونے والے دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور 160 سے زائد زخمی ہو گئے۔

ازبک وزارت صحت نے ٹیلی گرام پر کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں ایک نوجوان ہلاک ہو گیا جبکہ 162 افراد زخمی ہوگئے۔

وزارتِ ہنگامی امور نے کہا کہ زوردار آسمانی بجلی گرنے سے ہوائی اڈے کے قریب واقع ایک گودام میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں وہاں آگ بھڑک اٹھی جو تاحال بجھائی نہیں جا سکی ہے۔

وزارت صحت نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں سے 138 کو معمولی زخم آئے جبکہ 24 زخمی افراد سنگین حالت میں ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں رات کے وقت آسمان پر آگ کے شعلے اور دھواں اٹھتے ہوئے دیکھا گیا۔

اس دھماکے کے نتیجے میں علاقے میں واقع کئی گھروں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور گھروں کے اندرونی حصوں کو بھی نقصان پہنچا۔

آگ لگنے کے چند گھنٹوں بعد تک دھماکے کی آوازیں سنائی دیتی رہیں، دریں اثنا ہنگامی عملے نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی اور ایمبولینس کے عملے نے زخمیوں کو وہاں سے نکالا۔

علاقے میں نزدیک واقع ایک متاثرہ گھر کے 72 سالہ مکین نے بتایا کہ میری رات کو آنکھ کھلی، مجھے لگا کہ شاید زلزلہ آگیا ہے، پھر میں نے آگ بھڑکتی دیکھی، میرے بیٹے کی ٹانگ بھی زخمی ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری حکام سے استدعا ہے کہ نقصان کی تلافی کی جائے کیونکہ موسم سرما نزدیک ہے اور میرے پاس خود اس کی مرمت کرنے کے وسائل نہیں ہیں۔

ازبک قومی خبر رساں ایجنسی ’یو زیڈ اے‘ کے مطابق ملک کے سب سے بڑے ہوائی اڈے پر معمول کے مطابق امور سرانجام دیے جارہے ہیں۔

ازبکستان، وسطی ایشیا میں سابق سوویت یونین کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے، پرانے آلات اور حفاظتی اقدامات کی عدم تعمیل کی وجہ سے یہاں آگ لگنا معمول ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024