• KHI: Maghrib 6:14pm Isha 7:29pm
  • LHR: Maghrib 5:41pm Isha 7:02pm
  • ISB: Maghrib 5:45pm Isha 7:08pm
  • KHI: Maghrib 6:14pm Isha 7:29pm
  • LHR: Maghrib 5:41pm Isha 7:02pm
  • ISB: Maghrib 5:45pm Isha 7:08pm

آواسٹن انجیکشن اسکینڈل میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا، وزیر صحت پنجاب

شائع September 27, 2023
ڈاکڑ جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ آوسٹن انجیکشن کے واقعات میں استعمال ہونے والے تمام پوائنٹس کو سیل کردیا گیا ہے— فائل فوٹو: ڈان نیوز
ڈاکڑ جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ آوسٹن انجیکشن کے واقعات میں استعمال ہونے والے تمام پوائنٹس کو سیل کردیا گیا ہے— فائل فوٹو: ڈان نیوز

پنجاب کے نگران وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ مبینہ طور پر صوبے بھر میں ذیابیطس کے مریضوں کی بینائی کو نقصان پہنچانے کا باعث بننے والی دوا آواسٹن انجیکشن اسکینڈل میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ آنکولوجی کے زیر اہتمام آگاہی سیمینار میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران صوبائی وزیر صحت نے صحافیوں کو بتایا کہ انجیکشن کے واقعات کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، انجیکشن اسکینڈل میں ملوث تمام عناصر کو ہر قیمت پر کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آواسٹن انجیکشن کے واقعات میں حکومت پنجاب کو کسی قسم کے دباؤ کا سامنا نہیں ہے، گزشتہ رات آواسٹن انجیکشن کے واقعات میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، تاہم انہوں نے ملزمان سے متعلق مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت کے مطابق آواسٹن انجیکشن کے متاثرہ 15 مریضوں کی سرجری کی جا چکی ہے، کوشش کر رہے ہیں کہ بینائی سے متاثر ہونے والے تمام مریضوں کی بینائی کو بچایا جا سکے، اس کیس میں کسی ملزم سے کوئی رعایت نہیں برتی جائی گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آوسٹن انجیکشن کے واقعات میں استعمال ہونے والے تمام پوائنٹس کو سیل کردیا گیا ہے۔

اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق سی ایم ایل پروگرام میو ہسپتال میں کامیابی سے جاری ہے، گزشتہ برس کے دوران 3 ارب کی ادویات سے میو ہسپتال لاہور نے پنجاب بھر کے مریضوں کو مفت علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کی ہیں۔

واضح رہے کہ لاہور، قصور اور جھنگ کے اضلاع میں ذیابیطس کے متعدد مریضوں کے ریٹینا کو پہنچنے والے نقصان کو دور کرنے کے لیے آواسٹن کے انجیکشن لگائے گئے لیکن الٹا اس سے شدید انفیکشن ہوا جس کے نتیجے متعدد کی بینائی ختم ہو گئی۔

ذیابیطس کے مریضوں میں جان لیوا بیماری اینڈو فیتھلمائٹس کا مسئلہ اس وقت منظرعام پر آیا جب ضلع قصور میں دوا کے ری ایکشن کے متعدد کیسز رپورٹ ہوئے۔

ابتدائی تحقیقات میں مبینہ طور پر آواسٹن دوا کی دوبارہ پیکیجنگ اور اس کی سپلائی کے ساتھ ساتھ کولڈ چین کے نظام میں بھی مسائل کا بھی پتا چلا جس کی وجہ سے پنجاب میں یہ بیماری پھیلی۔

سرکاری اعداد و شمار میں انکشاف کیا گیا کہ اس اسکینڈل کے منظر عام پر آنے کے بعد سے مبینہ طور پر مذکورہ دوا نے صوبے میں 68 مریضوں کی بینائی کو بری طرح متاثر کیا، یہ اطلاعات بھی سامنے آئیں کہ صوبے بھر میں مزید کیسز سامنے آرہے ہیں اور محکمہ صحت کے حکام سرکاری اعداد و شمار کا حصہ بنانے کے لیے ان کا جائزہ لے رہے ہیں۔

آوسٹن کے استعمال پر ہسپتالوں کے خصوصی معائنے کا حکم

ایک روز قبل پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن (پی ایچ سی) کے بورڈ آف کمشنرز نے کمیشن کی سینئر انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ان ہسپتالوں کے خصوصی معائنے کے لیے تیار رہیں جہاں مریضوں کو آواسٹن انجیکشن لگانے کی وجہ سے آنکھوں میں انفیکشن کے کیسز رپورٹ ہوئے۔

یہ ہدایات چیئرپرسن ریٹائرڈ جسٹس محمد بلال خان کی سربراہی میں پی ایچ سی بورڈ آف کمشنرز (بی او سی) کے ہنگامی اجلاس کے دوران جاری کی گئی تھیں۔

حکومت کی طرف سے حال ہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرنے والے پی ایچ سی کے نمائندے نے صوبائی وزرائے صحت پروفیسر جاوید اکرم اور ڈاکٹر جمال ناصر کی طرف سے بلائے گئے اجلاس کو بریفنگ دی۔

بی او سی کو بتایا گیا کہ کمیٹی دوا کی درآمد، کمپاؤنڈنگ اور ڈسپنسنگ سے متعلق امور کی تحقیقات کرے گی جب کہ پی ایچ سی سے کہا گیا کہ وہ ہسپتالوں میں جہاں انجکشن لگائے گئے، ان کے طریقہ کار کا جائزہ لے۔

غور و خوض کے بعد بورڈ آف کمشنرز نے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی سینئر انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی کارروائی کے لیے تیار رہیں، خاص طور پر ان ہسپتالوں کے معائنے کے لیے جہاں انفیکشن رپورٹ ہوئے۔

بورڈ آف کمشنرز نے سروس ڈیلیوری کے معیارات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے مراکز صحت کے معائنے کا بھی حکم دیا۔

بورڈ آف کمشنرز نے متاثرہ مریضوں کو ان واقعات کے بارے میں شکایات درج کرانے کے لیے واٹس ایپ نمبر 0843500 0306 بھی جاری کر دیا۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024