• KHI: Asr 4:20pm Maghrib 5:57pm
  • LHR: Asr 3:35pm Maghrib 5:13pm
  • ISB: Asr 3:35pm Maghrib 5:13pm
  • KHI: Asr 4:20pm Maghrib 5:57pm
  • LHR: Asr 3:35pm Maghrib 5:13pm
  • ISB: Asr 3:35pm Maghrib 5:13pm

شوہر کو بوسہ دینے کی تصویر لگائی تو لوگوں نے گالیاں دینا شروع کردیں، جگن کاظم

شائع September 24, 2023
— فائل فوٹو: انسٹاگرام
— فائل فوٹو: انسٹاگرام

مارننگ شو کی نامور میزبان اور اداکارہ جگن کاظم نے ڈراموں میں تشدد دکھانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کل محبت اور پیار کو اچھا نہیں سمجھا جاتا، یہاں تک کہ انہوں نے جب انسٹاگرام پر اپنے شوہر کو بوسہ دینے کی تصویر لگائی تو لوگوں نے گالیاں دینا شروع کردیں۔

جگن کاظم نے مزاحیہ پروگرام ’حد کردی‘ میں شرکت کی، پروگرام کے شروع میں اداکارہ نے اپنے بچپن کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ ’جب چھوٹی تھی تو میں لڑکوں کی طرح بات کرتی تھی، مجھ سے جو بھی پوچھتا تھا کہ میں بڑی ہوکر کیا بنوں گی تو میرا جواب ہوتا تھا کہ ’میں بڑا ہوکر اداکار بنوں گا‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’جب لوگ پوچھتے کہ کون سی اداکارہ بنوں گی تو میرا جواب امیتابھ بچن ہوتا تھا۔‘

ڈراموں میں تشدد دکھانے اور رومانس نہ دکھانے کے سوال پر میزبان جگن کاظم کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس بات پر بہت افسوس ہے کہ ہم پیار اور محبت کو کیوں نہیں دکھاتے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے یاد ہے کہ میں نے انسٹاگرام پر اپنے شوہر فیصل کو چہرے پر بوسہ دیتے ہوئے تصویر لگائی جس پر لوگوں نے مجھے گالیاں دینا شروع کردیں۔‘

جگن کاظم نے کہا کہ ڈراموں میں تشدد اتنا زیادہ دکھایا جارہا ہے کہ لوگوں کو تشدد اور مار پیٹ عام بات لگ رہی ہے لیکن جہاں محبت اور پیار کی باتیں دکھائی جائیں وہاں شرمندگی محسوس کرتے ہیں اور نامناسب الفاظ استعمال کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ جگن کاظم کی شادی سال 2013 میں فیصل ایچ نقوی کے ساتھ ہوئی جن سے ان کا ایک بیٹا اور بیٹی ہے جبکہ بڑا بیٹا حمزہ ان کی پہلی شادی سے ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 جنوری 2025
کارٹون : 4 جنوری 2025